کراچی میں سمندری طوفان بپر جوائے کے باعث ممکنہ آندھی اور بارشوں کے پیش نظر اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت ہونے والے پرچے ملتوی کردیے گئے۔

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی جانب سے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انٹر بورڈ کراچی نے 14 جون اور 15جون کو ہونے والے پرچے ملتوی کردیے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق ملتوی ہونے والے پرچوں کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

سمندری طوفان کے ممکنہ خطرات، کراچی میں انٹر بورڈ کے پرچے ملتوی

یاد رہے کہ سمندری طوفان بپرجوائے کی سندھ کے ساحلوں کی جانب پیش قدمی تیز تر ہوگئی ہے۔

سمندری طوفان کراچی سے 410 اور ٹھٹہ سے 400 کلومیٹر کی دور رہ گیا ہے، ٹھٹہ، سجاول اور  بدین کے ساحلی علاقوں میں بارش اور  تیز ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ  کیٹی بندر  پر  پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے لگی ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ شمال مشرق میں انتہائی شدید سمندری طوفان ساحلی علاقوں سے مزیدقریب آگیا ہے، طوفان کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار 150 سے 160کلو میٹرفی گھنٹہ ہے جب کہ طوفان کے مرکز میں ہواؤں کے جھکڑ 180 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار کو چھورہے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سسٹم کے مرکز کے اطراف سمندر میں شدید طغیانی ہے اور مرکز کے گرد لہریں 30 فٹ تک بلند ہو رہی ہیں جب کہ سازگار ماحول سسٹم کو کو شدت برقرار رکھنے میں مدد کررہا ہے۔

سمندری طوفان کے اثرات بھی نمایاں ہونے لگے ہیں، کراچی، ٹھٹہ، بدین اور دیگر علاقوں میں شدید حبس ہے جب کہ کراچی کی ساحلی بستی چشمہ گوٹھ میں پانی سڑک کنارے تک پہنچ گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے