ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہندو زائرین کو لے جانے والی ایک بس منگل کو ہائی وے کے پل سے نیچے ایک گہری کھائی میں جاگری، جس سے کم از کم 10 افراد ہلاک اور 55 زخمی ہو گئے۔

پولیس نے بتایا کہ بس شمالی ریاست پنجاب کے شہر امرتسر سے کٹرا شہر جا رہی تھی۔ حادثہ جموں شہر کے قریب پیش آیا ہے۔

مقامی پولیس افسر چندن کوہلی نے صحافیوں کو بتایا کہ بس میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرنے والوں کا تعلق بھارت کی مشرقی ریاست بہار سے ہے۔

علاقہ مکینوں اور حکام نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔

کٹرا میں واقع وشنو دیوی کی عبادت گاہ کو ہندو مذہب میں انتہائی عقیدت سے دیکھا جاتا ہے اور ہر سال لاکھوں لوگ اس کی زیارت کے لیے آتے ہیں۔

ہندوستان میں سڑک حادثات میں ہونے والی اموات کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے، یہاں سالانہ لاکھوں لوگ ہلاک اور زخمی ہوتے ہیں۔

زیادہ تر حادثے بے پرواہی سے ڈرائیونگ، خراب سڑکوں اور پرانی گاڑیوں کے باعث پیش آتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے