لاہور:  فلور ملز کو سرکاری گندم 1475 روپے من فراہم کی جائے گی۔ عبوری پالیسی دو ماہ کے لئے ہوگی۔ سردار عثمان بزدار کہتے ہیں کہ آٹے کی قیمت کم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں استحکام لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 850 روپے مقرر کر دی گئی۔ سرکاری گندم کے اجرا سے مارکیٹ میں 20 کلو کا تھیلا 1050 روپے سے کم ہو کر 850 روپے پر دستیاب ہوگا۔

پنجاب کابینہ نے فلور ملز کو قبل از وقت گندم ریلیز کرنے اور سرکاری گندم کا نرخ مقرر کرنے کی بھی منظوری دی۔ فلور ملز کو حکومت پنجاب 1475 روپے من کے حساب سے سرکاری گندم جاری کرے گی۔

فلور ملز حکومت پنجاب کے ساتھ طے شدہ نرخ پر آٹے کے تھیلے کی قیمت مقرر کرے گی۔ گندم کی عبوری پالیسی دو ماہ کے لئے نافذ العمل ہوگی۔ محکمہ خوراک پنجاب صرف فنکشنل فلور ملوں کو سرکاری گندم کا کوٹہ دے گا۔

پنجاب کابینہ نے محکمہ خوراک سے ٹارگٹڈ سبسڈی کیلئے جامع پلان بھی طلب کر لیا ہے۔ محکمہ خوراک 30 روز میں اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گا۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ آٹے اور گندم کی قیمتوں میں استحکام لایا جائے گا۔ آٹے کی قیمت میں کمی لا کر عوام کو ریلیف فراہم کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے