یورپی یونین ایئر سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کا فضائی آپریشن 6 ماہ کیلئے معطل کر دیا ہے، معطلی کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔

قومی ائیر لائن کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کی یورپ کی پروازیں عارضی طور پر منسوخ کی گئی ہیں۔ یورپین فضائی سیفٹی کے خدشات دور کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ جن مسافروں کے پاس پی آئی اے بکنگ ہے، وہ اسے ریفنڈ یا آگے کروا سکتے ہیں۔ حکومت اور انتظامیہ کے اقدامات کے باعث معطلی جلد ختم ہو جائے گی۔

ادھر برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی پی آئی اے کی پروازیں معطل کر دی ہیں۔ برمنگھم، لندن اور مانچسٹر سے پی آئی اے کی پروازیں معطل کی جا رہی ہیں۔

ترجمان سی اے اے برطانیہ نے کہا ہے کہ یورپین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کے فیصلے کے تناظر میں پروازیں معطل کر رہے ہیں۔ قانون کے مطابق ای اے ایس اے کے فیصلے کے بعد پروازیں معطل کرنے کے پابند ہیں۔

دوسری جانب ملک بھر میں جاری محدود اندرون ملک فضائی آپریشن کی اجازت میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔

جاری کردہ نوٹم کے مطابق اندرون ملک پروازیں چلانے کی اجازت میں 31 اگست تک کر دی گئی ہے۔ لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ میں اندرون ملک پروازوں کی اجازت ہوگی۔

گلگت اور سکردو ائیرپورٹ پر صرف اسلام آباد سے پروازیں چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔ ملک کے دیگر تمام ائیرپورٹس پر اندرون ملک پروازوں پر ممانعت ہوگی۔

خیال رہے کہ سی اے اے نے کورونا وائرس کے پیش نظر تیس جون تک ملک بھر کے چھ ایئرپورٹس پر اندرون ملک پروازوں کی محدود اجازت دی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے