لاہور/ کراچی:  پاکستان میں حج آپریشن کا آغاز آج کراچی سے ہو گیا، پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی پہلی حج پرواز پی کے 773 کراچی سے 328 عازمین کو لے کر مدینہ منورہ پہنچ گئی۔

عازمین حج کو رخصت کرنے کیلئے ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں حجاج سے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی گئی۔

چیف آپریٹنگ آفیسر پی آئی اے امان اللہ قریشی، ڈائریکٹر جنرل بینظیر انکم سپورٹ پروگرام امتیاز شاہ، ڈائریکٹر حج کراچی سجاد حیدر، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پی آئی اے کے حکام نے عازمین کو رخصت کیا۔

حج آپریشن کے پہلے روز کراچی، اسلام آباد اور فیصل آباد سے افتتاحی پروازوں کے ذریعے تقریباً 700 سے زائد عازمین حج کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔

اسلام آباد سے پہلی پرواز پی کے 743 آج رات 9 بج کر 15 منٹ پر مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوگی۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ حج آپریشن کیلئے پی آئی اے کے بوئنگ 777 اور ایئربس 320 طیارے استعمال کر رہی ہے۔

ترجمان کے مطابق رواں برس پی آئی اے 320 خصوصی حج اور شیڈول پروازوں کے ذریعے 65 ہزار سے زائد عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچائے گی۔

قبل از حج آپریشن 22 جون تک جاری رہے گا جبکہ بعد از حج آپریشن 2 جولائی سے 2 اگست تک مکمل ہوگا۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے حج آپریشن کی پروازیں کراچی لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور، سیالکوٹ، فیصل آباد، سکھر اور رحیم یار خان سے آپریٹ ہوں گی۔

سی ای او پی آئی اے نے تمام ڈیپارٹمنٹس، پاکستان اور سعودی عرب میں تعینات حج ٹیموں کو عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

وزیر مذہبی امور طلحہ محمود نے امید ظاہر کی ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانی حجاج کا خاص خیال رکھا جائے گا۔

دوسری جانب لاہور ایئر پورٹ سے بھی حج پروازوں کا آغاز کر دیا گیا، سیرین ایئر لائنز کی پرواز 200 سے زائد مسافروں کو لے کر 5 بجکر 10 منٹ پر سعودی عرب روانہ ہوگئی۔

پاکستان بھر سے مختلف پروازوں کے ذریعے 38 ہزار 419 حجاج کرام کو جدہ پہنچایا جائے گا جن میں پی آئی اے 40 ہزار 700 حجاج کرام کو حجاج مقدس پہنچائے گا جبکہ سعودی ایئر لائنز کے ذریعے 36 ہزار حجاج کرام سعودیہ عرب پہنچیں گے۔

ایئر بلیو 2 ہزار 250 جبکہ سیرین ایئر لائنز 2 ہزار 280 حاجیوں کو لے کر سعودیہ عرب کیلئے اڑان بھرے گی۔

رواں برس لاہور سے 17 ہزار 629، کراچی سے 17 ہزار 630، اسلام آباد سے 26 ہزار 232، ملتان سے 6 ہزار 582، کوئٹہ سے 4 ہزار 50، سیالکوٹ سے 4 ہزار 484، فیصل آباد سے 3 ہزار 251، رحیم یار خان سے 468، سکھر سے 941 حجاج کرام سعودیہ عرب جائیں گے۔

پاکستان سے اس سال 81 ہزار 230 حاجی حج کا فریضہ ادا کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے