تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی منگل کو گرفتاری کے چند گھنٹوں بعد ملک کے بیشتر مقامات سے ٹوئٹر بند ہونے کی شکایات رپورٹ ہوئی ہیں۔
اسلام آباد، لاہور اور دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے متعدد ٹویپس نے شکایت کی کہ وہ ٹوئٹر استعمال نہیں کر پا رہے۔
یہ شکایات ایک ایسے وقت میں سامنے آئیں جب پی ٹی آئی کی جانب سے مختلف شہروں میں احتجاج کے دوران حساس مقامات کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
اس دوران مختلف ذرائع سے سامنے آنے والی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ ملک میں انٹرنیٹ سروسز بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔
منگل کو رات آٹھ بجے کے قریب مختلف انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز کی سروسز استعمال کرنے والے صارفین نے شکایت کی کہ وہ ٹوئٹر استعمال نہیں کر پا رہے۔
اسلام آباد اور لاہور کے کچھ صارفین نے فیس بک اور یوٹیوب تک رسائی نہ ہونے یا ان ویب سائٹس کے بہت سست ہونے کی شکایت بھی کی۔
یہ شکایات بڑھیں تو بیرون ملک موجود ٹویپس نے ٹوئٹ اور دیگر ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے جاننا چاہا کہ مائکروبلاگنگ ویب سائٹ کی سروسز متاثر ہیں یا نہیں۔
جواب میں کچھ افراد نے کہا کہ وہ ’وی پی این کے ذریعے استعمال‘ کر رہے ہیں تو دیگر نے بتایا کہ ’ڈیسک ٹاپ یا لیپ ٹاپ‘ سے کنیکٹڈ ہیں البتہ موبائل فونز پر ان سروسز تک رسائی نہیں ہے۔
دریں اثنا پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے بدھ کو لاہور اور اسلام آباد میں تمام نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
کراچی میں جاری میٹرک کے امتحانات معمول کے مطابق جاری رہنے کا اعلان کرتے ہوئے ثانوی تعلیمی بورڈ کے ناظم امتحانات نے بتایا کہ کل صبح بائیولوجی اور دوپہر کو بھی طے شدہ پرچہ لیا جائے گا۔