بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے قندھاری بازار میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق شاہراہ اقبال پر ہونے والے دھماکے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 11زخمی ہو گئے ہیں۔جاں بحق ہونے والوں میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ دھماکے میں کئی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے میں جاں بحق چاروں افراد کی لاشیں سول اسپتال منتقل کی گئی ہیں۔ زخمیوں میں 5 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جبکہ ایک بچہ بھی زخمی ہوا۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی 5 پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا، زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

پولیس حکام نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دھماکے میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا تھا، دھماکا پولیس موبائل کے قریب ہوا جس سے اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

ابتدائی طور پر خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نامعلوم شخص نے بارود سے بھری موٹر سائیکل گاڑی سے ٹکرائی۔ کوئٹہ کے قندھاری بازار میں جس جگہ دھماکا ہوا وہ مصروف کاروباری مقام ہے، جہاں ہول سیل کی دکانیں ہیں جس میں زیادہ تر اشیائے خور ونوش کی دکانیں ہیں۔

وزیر اعلیٰ کی مذمت

دریں اثنا وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے قندھاری بازار بم دھماکے کی مذمت کی ہے۔ وزیر اعلی نے دہشت گردی کی کاروائی میں قیمتی جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعلی نے دہشت گردی کے واقعہ اور شہر میں سکیورٹی کے لیے کیے گئے اقدامات پر آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

خیال رہے گذشتہ رات کو کوئٹہ میں فائرنگ کے واقعہ میں دو پولیس اہلکار جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے