سعودی عرب میں سرکاری سطح پر پرانی تاریخی مساجد کی بحالی، ان کی مرمت اور ان کی تزئین و آرائش کے پروگرام کے تحت دوسرے مرحلے میں الاحساء گورنری کے مشرق میں واقع مسجد ’جواثا‘ کی بحالی بھی شامل ہے
سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی ’ایس پی اے‘ کی رپورٹ کے مطابق مسجد جواثا اسلام کے ابتدائی دور کی مساجد میں سے ایک ہے اور اس مسجد کی خاص بات یہ ہے کہ مسجد نبویﷺ کے بعد یہ دوسری مسجد ہے جہاں جمعہ کی نماز ادا کی گئی تھی۔
یہ ان مساجد میں سے ایک ہے جو اپنے طرز تعمیر کے حوالے سے منفرد شناخت رکھتی ہیں۔ اس مسجد کا اندرونی محراب، اس کی دیواریں، کھڑکیاں اور دروازے سب منفرد انداز میں تعمیر کیے گئے ہیں۔
یہ مسجد قبیلہ بنی قیس کے دوسرے وفد کی پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم سے ملاقات کے بعد تعمیر کی گئی تھی۔ ظہور اسلام کے وقت جواثا پرانے ھجر شہر کا صدر مقام تھا۔
مسجد جواثا نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ مبارک کے فن تعمیر کے بہت قریب ہے۔ اس میں تین راہداریاں ہیں۔ مسجد جواثا 205.5 مربع میٹر رقبے پر مشتمل ہے جس میں 170 نمازی بہ جماعت نماز ادا کر سکتے ہیں۔
مسجد الجواثا شہزادہ محمد بن سلمان کے تاریخی مساجد کی بحالی کے منصوبے کے دوسرے مرحلے کا حصہ ہے، جس میں مملکت کے تمام 13 خطوں میں 30 مساجد کی بحالی، مرمت اور ان کی تزئین وآرائش کی جا رہی ہے۔