پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع کیچ میں ایران کے ساتھ سرحدی علاقے میں دہشت گردوں کے حملے میں چار سکیورٹی اہلکارشہید ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز کے اہلکار معمول کی گشت پر تھے۔اس دوران میں دہشت گردوں نے ضلع کیچ میں پاک ایران بارڈر پر جلگئی سیکٹر میں حملہ کردیا۔سرحدپار سے فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے چار سکیورٹی اہلکار جان کی بازی ہارگئے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے شہید جوانوں کی شناخت نائیک شیراحمد، لانس نائیک محمد اصغر، سپاہی محمد عرفان اور سپاہی عبدالرشید کے نام سے کی ہے۔
آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف مؤثرکارروائی کے لیے متعلقہ ایرانی حکام سے رابطہ کیاجا رہا ہے۔پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایران کے سرحدی علاقے سے سکیورٹی فورسز پرحملے کی مذمت کی ہے اور ایران سے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثرکارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔