گورنرخیبرپختونخوا کے حاجی غلام علی نے خیبر پختونخوا میں انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو 28 مئی کی تاریخ دے دی۔
اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ مجھ پر ساری قوم کا دبائو تھا کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان کروں۔ الیکشن کمیشن کے ساتھ ہماری اچھے ماحول میں مشاورت ہوئی ہے اور کے پی میں 28 مئی کی تاریخ پر اتفاق ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ سکیورٹی کے حوالے سے بہت سے سوالات اٹھے ہیں اور اٹھیں گے، امید ہے الیکشن خیر خیرت سے ہو جائیں۔
قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے گورنر خیبرپختونخوا نے ایوان صدر میں اہم ملاقات کی تھی ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا اور پنجاب میں عام انتخابات کے حوالے سے گفتگو ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا سے متعلق الیکشن از خود نوٹس کیس میں دونوں صوبوں میں الیکشن 90 روز میں کرانے کا حکم دیا تھا۔