ملتان (پریس ریلیز ) آج مورخہ 04مارچ 2023بروز ہفتہ صدر وفاق المدارس العربیہ حضرت مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتھم العالیہ پرچوں کے جانچ پڑتال کے سلسلے میں جامعہ خیر المدارس ملتان تشریف لائے۔ سب سے پہلے صدر وفاق نے امتحانی کمیٹی اور ممتحنین اعلی کے مشترکہ یومیہ اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پرصدر وفاق نے جملہ انتظامات، ضروریات اور پرچہ جات کے جانچ پڑتال کے عمل پر اطمینان کا اظہار فرمایا۔ اجلاس کے بعد اراکین امتحانی کمیٹی،ممتحنین اعلی اور ممتحنین سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ نہایت پرمسرت موقع ہے کہ پرچوں کی جانچ پڑتال کے موقع پر یہاں آنا ہوا۔ میری خواہش یہ تھی کہ شروع سے آپ حضرات کے ساتھ اس عظیم خدمت میں شریک ہوتا لیکن اللہ تعالی نے ان دنوں اچانک حجاز مقدس کا سفر نصیب فرمایا۔ جبکہ تاریخوں کا تعین میرے دائرہ اختیار سے باہر تھا۔یکے بعد دیگرے تین مختلف علمی اجتماعات میں مجھے شریک ہونا تھا جس کی وجہ سے میں شروع سے حاضر نہ ہوسکا تاہم وہاں بھی اس عظیم کام کے بارے ناظم اعلی حضرت مولانا قاری محمد حنیف جالندھری صاحب مدظلہ العالی سے یومیہ معلومات حاصل کرتا رہا۔میرا دل ودماغ آپ کی جانب متوجہ رہا اور آپ سب حضرات اور وفاق کے لیے دعائیں کرتا رہا۔اس مرتبہ اللہ تعالیٰ نے دو خصوصی انعامات سے نوازا۔
۔(1)پہلی مرتبہ خانہ کعبہ کے اندر جانے کی سعادت نصیب ہوئی وہاں مختلف سمتوں میں نماز اور دعاؤوں کی توفیق ملی۔
۔(2)مدینہ منورہ میں تین دن میں تین وقت ریاض الجنۃ میں احادیث مبارکہ پڑھانے کی سعادت کے ساتھ، چھ نمازیں ریاض الجنۃ میں پڑھنے کی اللہ تعالیٰ نے توفیق بخشی ۔دونوں مقامات مقدسہ میں ملک کی سلامتی، بہتری اور وفاق المدارس کے جملہ کارکنوں کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
آپ سب حضرات اپنی اپنی جگہ دین کی عظیم خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ شاید دنیا میں ان خدمات کی وقعت کا صحیح احساس نہ ہو، مگر آخرت میں ان کی قدر قیمت اور وقعت کا اندازہ ضرور ہو جائے گا۔
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مقاصد کثیر ہیں تاہم ایک امتحانی بورڈ کی حیثیت سے سب سے اہم مقصد امتحانی نظام ہے کیونکہ اس کا براہ راست تعلق طلبہ وطالبات کے مستقبل کے ساتھ ہے ۔اس وقت آپ پر بہت بڑی امانت کا بوجھ ڈالا گیا ہے آپ کے جنبش قلم سے کسی طالب علم کا مستقبل روشن بھی ہوسکتا ہے اور تاریک بھی۔ لہذا آپ حضرات اس بارگراں کو اخلاص، للہیت اور طلبہ و طالبات کے ساتھ جذبہ خیرخواہی سے سرانجام دیں ۔یہ بہت بڑی ذمہ داری ہے لہذا معیار اور میزان دونوں کو ملحوظ خاطر رکھ کر نمبرات لگائیں ۔استحقاق کے مطابق نمبرات لگائے جائیں ۔
یہ عمل ایک عظیم عبادت ہے اس کا بدلہ صرف اللہ کے پاس ہے۔ اس کے نتائج انتہائی دوررس ہیں ۔لہذا جو ہدایات دی جارہی ہیں ان پر پورا عمل پیرا ہونے کی گزارش ہے۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا امتحانی نظم اور پرچوں کی جانچ پڑتال کا نظام مستحکم ہے مجھے امید ہے کہ صاحب حق کو اپنا حق ملے گا۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا قیام اللہ تعالی کی بہت بڑی نعمت ہے یہ مدارس کے لیے چھتری اور سائبان ہے اس پر اللہ تعالی کا جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے ۔
مفتی صاحب نے اپنے خطاب میں اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمیں اپنی تحریر وتقریر میں بلا ضرورت انگریزی اصطلاحات کے بجائے اردو، عربی اور فارسی اصطلاحات استعمال کرنے چاہئیں۔ ہمارے اکابر اس حوالے سے بہت احتیاط سے کام لیتے تھے۔ کیونکہ زبان صرف طریقہ اظہار نہیں بلکہ اس کے پیچھے ثقافت اور تصورات ہوتے ہیں۔
اس موقع پر وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ مولانا محمد حنیف جالندھری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا امتحانی نظم قابل تقلید ہے۔ہم سب وفاق کے مفادات کے محافظ ہیں۔وفاق المدارس اتحاد واتفاق کی علامت ہے ۔مدارس دینیہ اسلام اور ملک وملت کے محافظ ہیں ۔دن بدن مدارس اور طلبہ وطالبات کی تعداد میں اضافہ مقبولیت کی دلیل ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے