وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان بھر میں بجلی کے استعمال میں کمی لانے کے لیے مارکیٹیں ساڑھے ساڑھے 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزرا کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سے متعلق میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے خواجہ آصف نے بتایا کہ آج ہونے والے کابینہ اجلاس میں توانائی پالیسی کی منظوری دی گئی ہے، پالیسی کے تحت وفاقی اداروں میں بجلی کے استعمال میں 30 فیصد کمی لائی جائے گی۔
خواجہ آصف نے بتایا کہ ملک بھر میں شادی ہالز کو رات دس بجے جب کہ تمام مارکیٹیں رات ساڑھے آٹھ بجے بند کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آج کابینہ کے اجلاس میں کوئی لائٹ آن نہیں تھی، اس اقدام کا مقصد بجلی کی بچت تھا، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ تمام وفاقی سرکاری اداروں میں بجلی کے استعمال میں 30 فیصد کمی لائی جائےاور برقی آلات کے غیر ضروری استعمال سے اجتناب کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے توانائی ڈویژن کی سفارشات کی روشنی میں توانائی بچت پلان کے نفاذ کی منظوری دے دی ہے جو کہ فوری طور پر پورے پاکستان میں نافذ العمل ہوگا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ توانائی بچت پلان کے نکات کے مطابق مارکیٹس، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کی جلد بندش سے قومی خزانے کو 62 ارب روپے کی بچت ہوگی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ یکم فروری کے بعد پرانے بلب تیار نہیں کیے جائیں گے۔ غیر معیاری پنکھے بھی اب نہیں بنیں گے جب کہ غیر معیاری پنکھوں پر اضافی ڈیوٹی عائد کی جائے گی۔ اس اقدام سے تقریبا 15 ارب روپے کی بچت ہو گی۔
’’توانائی بچت پلان ملک بھر میں نافذ العمل ہو گا۔ ساتھ ہی ملک بھر میں الیکٹرک بائیکس کو فروغ دیا جائے گا۔ موٹر سائیکل کی مد میں صرف 3 ارب ڈالر کا فیول استعمال ہو رہا ہے۔ الیکٹرک بائیکس کی وجہ سے سالانہ 3 ارب ڈالر کی بچت ہو گی۔‘‘
انہوں نے کہا کہ 29 ہزار میگا واٹ بجلی ہم گرمیوں میں استعمال کرتے ہیں، سردیوں میں ہم 12 ہزار میگا واٹ بجلی استعمال کرتے ہیں، گرمیوں میں 17 ہزار میگا واٹ اضافی استعمال ہونے والی بجلی میں 5 ہزار 3 میگا واٹ ایئر کنڈیشنر کی ہے جب کہ 12 ہزار میگا واٹ پنکھوں کے ذریعے استعمال ہونے والی بجلی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کا مطلب ہے کہ ہم صرف گرمی سے بچنے کے لیے 18 ہزار میگا واٹ بجلی استعمال کرتے ہیں، ان میں سے صرف پنکھے 12 ہزار میگا واٹ بجلی استعمال کرتے ہیں جن میں زیادہ تعداد ان پنکھوں کی ہے جو غیر موثر، ان ایفیشنٹ ہیں اور 120سے 130 واٹس بجلی استعمال کرتے ہیں جب کہ اس وقت مارکیٹ میں ایسے پنکھے دستیاب ہیں جو 80، 40 واٹس بجلی استعمال کرتے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ توانائی بچت سے متعلق پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ پیمرا نجی ٹی وی چینلز اور ریڈیو چینلز کے ذریعے توانائی بچت کی مہم کو یقینی بنائے گی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ گھر سے کام (ورک فرام ہوم) کرنے کی تجویز پر کمیٹی حتمی سفارشات مرتب کرے گی۔