پاکستان کے صدرڈاکٹرعارف علوی نے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی)کے عہدوں پرتقرر کے لیے وزیراعظم شہبازشریف کی نامزدگیوں کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔

وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کوجنرل کے عہدے پر ترقی دے کر چیف آف آرمی اسٹاف اورجنرل ساحر شمشاد مرزا کوجوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا چیئرمین مقررکرنے کی سفارش کی تھی۔

صدرکی منظوری کی تصدیق وزیردفاع خواجہ آصف نے کی ہے،جس سے ملک میں گذشتہ کئی ہفتوں سے جاری قیاس آرائیوں اور ہیجان خیزکیفیت کا بھی خاتمہ ہوگیا ہے۔تاہم شام سات بجے تک ایوان صدر کی جانب سے پاک فوج کے نئے سربراہ اور چئیرمین جوائنٹ چیفس اسٹاف کمیٹی کے تقرر سے متعلق باضابطہ نوٹی فیکیشن جاری نہیں کیا گیا تھا اور اس کا انتظارکیا جارہاتھا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ صدر عارف علوی نے حکومت کی جانب سے بھیجی گئی ایڈوائزری کی منظوری دے دی ہے۔ انھوں نے اسے ‘نیک شگون’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صدر نے سمری پر دست خط کر دیے ہیں۔

وزیردفاع نے کہا کہ آرمی چیف کے تقررکے عمل سے ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا ہوئی تھی لیکن اب یہ معاملہ طے پا گیا ہے۔ میرا ماننا ہے کہ تمام لوگوں، خاص طور پر سیاست دانوں کو اپنے رویوں کو قانون اور آئین کے دائرے میں لانا چاہیے۔

وزیراعظم کی جانب سے سمری موصول ہونے کے بعد صدرعارف جمعرات کی سہ پہرلاہور پہنچے۔ انھوں نے عمران خان سے ان کی زمان پارک میں واقع رہائش گاہ پر ملاقات کی جہاں وہ قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے کے بعد سے مقیم ہیں۔

ان کی ملاقات کے بعد زمان پارک کی رہائش گاہ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہ نما فوادچودھری نے مختصر بیان میں کہا کہ عمران خان اور عارف علوی نے آرمی چیف کے تقرر پرتبادلہ خیال کیا ہے اورصدر واپس اسلام آباد جائیں گے۔

جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ایک انٹر سروسز فورم ہے جو تینوں مسلح افواج کے مابین ہم آہنگی کے لیے کام کرتا ہے۔ سی جے سی ایس سی وزیراعظم اور نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے پرنسپل ملٹری ایڈوائزر کے طور پر بھی کام کرتا ہے۔

دریں اثناء سبکدوش ہونے والے سی جے سی ایس سی
جنرل ندیم رضا نے صدرعارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف سے الوداعی ملاقاتیں کی ہیں۔ایوان صدر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدرمملکت نے قومی دفاع کے لیے جنرل ندیم رضا کی خدمات کو سراہا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہارکیا ہے۔

علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) نے جنرل رضا کی وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ویڈیو بھی ٹویٹ کی ہی ۔ وزیر اعظم نے ملک کے دفاع کو مضبوط بنانے اور فوج کے لیے شاندار خدمات انجام دینے پرجنرل رضا کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے