شام نے جمعہ کے اسرائیلی میزائل حملے کو روک دیا۔ یہ بیان شام کے سرکاری خبر رساں ادارے ‘سنا’ نے شامی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے۔
سرکاری حکام نے بتایا ہے ‘ہماری فضائی دفاع نظام نے اسرائیلی میزائل حملہ ناکام بنا دیا ہے۔ یہ حملہ دمشق کی فضا میں اور جنوب علاقے میں ناکام بنایا گیا ہے۔’
یاد رہے گذشتہ ماہ اسرائیلی فضائی حملے کے باعث دمشق میں پانچ شامی فوجی مارے گئے تھے۔ اس سے قبل جون میں ایک اور اسرائیلی حملے کی وجہ سے دمشق کے ائیر پورٹ کو سخت نقصان پہنچا تھا۔
بعد ازاں دمشق ائیر پورٹ کم از کم دو ہفتے بند رکھا گیا تھا۔ اسی طرح اسرائیلی فضائی حملوں کے دوران دو مرتبہ حلب کے ائیر پورٹ کو بھی نشانہ بنایا جا چکا ہے۔
۔2011 کی شامی خانہ جنگی سے اسرائیل نے شام پر سینکڑوں بار فضائی حملہ کر کے بمباری کی ہے۔ اسرائیلی حملوں کا ہدف شام کے فوجی بھی ہوتے ہیں اور ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا حزب اللہ بھی جو بشار الاسد کی مدد کے لیے شام میں موجود ہے۔
تاہم اسرائیل ان حملوں کے بارے تبصرہ کم ہی کرتا ہے۔ وہ سینکڑوں حملوں کو تسلیم کرتا ہے اور کہتا ہے کہ اپنے دشمن ایران کو روکنے کے لیے حملے ضروری ہیں جس نے شام میں اسرائیل کے بالکل پڑوس میں قدم جمانے کی کوشش شروع کر رکھی ہے۔