کابل. نائب وزیر اعظم برائے اقتصادی امور ملا عبدالغنی برادر اخوند کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس میں آنے والے موسم سرما میں ایندھن کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اجلاس میں تفصیلی بحث اور تبادلہ خیال کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ عوام کو درپیش موسم سرما کے مسائل کے حل کے لیے وزارت زراعت، آبپاشی اور لائیو سٹاک کی جانب سے نورستان، کنڑ، ننگرہار، خوست، پکتیا اور پکتیکا صوبوں کے جنگلات میں پہلے سے کاٹی گئی لکڑیوں کو بازار میں بیچنے کی اجازت دی جائے گی۔ اس حوالے سے وزارت زراعت کو سفارش کی گئی کہ وہ کسی کو بھی جنگلات کاٹنے کی اجازت نہ دے اور اگر کسی نے خلاف ورزی کی تو اسے قانون کے حوالے کیا جائے گا۔ اس اجلاس میں وزارت مائنز اینڈ پیٹرولیم کی سربراہی میں وزارت خزانہ اور کابل میونسپلٹی کو یہ کام سونپا گیا کہ وہ سردیوں میں کوئلے کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے لائحہ عمل تیار کریں اور اسے اگلے اجلاس میں پیش کریں۔ آنے والے موسم سرما میں مائع گیس کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور احتیاطی طور پر ذخیرہ کرنے کے لیے وزارت خزانہ، صنعت و تجارت اور کابل میونسپلٹی کو ذمہ داری دی گئی کہ اس حوالے سے خصوصی کمیٹی کے تعاون سے گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی سرکاری کمپنی کے ساتھ مل کر ضروری اقدامات کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے