پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے اطلاع دی ہے کہ آرمی کے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو بہاولپورکور کا کمانڈر مقرر کیا گیا ہے۔

وہ اکتوبر2021 سے پشاور کے کورکمانڈر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔انھیں انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹرجنرل کے عہدے سے ہٹاکر پشارکورکا کمانڈر مقرر کیا گیا تھا اور ان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کوآئی ایس آئی کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو16 جون 2019 کو ایک حیرت انگیز فوجی اتھل پتھل میں ڈی جی آئی ایس آئی کے منصب پرفائز کیا گیا تھا۔ اس سے قبل وہ آئی ایس آئی میں داخلی سلامتی کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے تھے۔ وہ فوج کی بلوچ رجمنٹ سے تعلق رکھتے ہیں۔

ان کا تقررایک بہت اہم وقت میں کیا گیا تھا اور تب ملک کو بیرونی اور داخلی سلامتی کے متعدد چیلنج درپیش تھے۔واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا نام پہلی مرتبہ نومبر2017 میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ساتھ ایک سمجھوتے کے موقع پر سامنے آیا تھا۔اس کے تحت تحریک لبیک نے فیض آباد میں اپنا مشہور زمانہ دھرنا ختم کردیا تھا۔تب وہ پاک آرمی کے میجر جنرل تھے۔

انٹرسروسزپبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے سوموار کو جاری کردہ اپنی پریس ریلیزمیں مزید بتایا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل سردارحسن اظہرحیات کو پشاورکا نیاکورکمانڈرمقرر کیا گیاہے۔انھیں 2020ء میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے کرملٹری سیکرٹری مقررکیا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ اب ان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیا کو پاک فوج کا ملٹری سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔

گذشتہ ہفتے لیفٹیننٹ جنرل آصف غفورکوبارہویں کور(کوئٹہ) کا کمانڈرمقررکیا گیا تھا۔انھیں یہ عہدہ صوبہ بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں ہیلی کاپٹرکے حادثے میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کی جگہ سونپا گیا تھا۔لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور اس سے قبل آئی ایس پی آر کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے