کابل پر امریکی ڈرون حملے میں القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری کی ہلاکت کی امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی تصدیق کر دی۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے بیان میں کہا کہ واضح اور قابل یقین شواہد پر حملے کی اجازت دی اور دہشتگرد کو انجام تک پہنچایا۔

انہوں نے بتایا کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے رواں سال اپریل میں نائن الیون حملے کی منصوبہ بندی میں شامل ایمن الظواہری کا پتہ چلا لیا تھا، ہر قیمت پر امریکا کا دفاع کریں گے اور اپنے دشمنوں کا ہر جگہ تعاقب کریں گے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا ایمن الظواہری نے حالیہ ہفتوں میں امریکا اور اتحادیوں پرحملے کے لیے ویڈیوز جاری کیں، الظواہری کی ہلاکت سے امریکیوں کو انصاف ملا ہے۔

دوسری جانب طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

یاد رہے کہ ایمن الظواہری کے بارے میں معلومات دینے والے کے لیے امریکا نے ڈھائی کروڑ ڈالر انعام کا اعلان کیا تھا۔

افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد یہ پہلی کارروائی ہے جو انخلا کا ایک سال پورا ہونے کے موقع پر کی گئی۔

ایمن الظواہری نے القاعدہ کی کمان اسامہ بن لادن کے مارے جانےکے بعد سنبھالی تھی، اسامہ بن لادن کو امریکا نے پاکستان میں نشانہ بنایا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے