صدر وفاق المدارس العربیہ پاکستان حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کی سربراہی میں پاکستانی علمائے کرام کے وفد کی افغانستان کے وفاقی وزیر تعلیم مولانا عبدالباقی سے ملاقات ۔ متعدد تعلیمی امور پر بات چیت ۔
تفصیلات کے مطابق حالیہ دنوں میں حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کی سربراہی میں پاکستانی علمائے کرام کا وفد افغان حکومت کی دعوت پر افغانستان کےدورے پر ہے جہاں افغانستان میں تعلیمی امور، اسلامی اقتصادیات اور دیگر اہم امور میں باہمی تعاون اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے لیے افغانستان کے وفاقی وزیر تعلیم مولانا عبد الباقی سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔اس حوالے سےوفد کی افغانستان کے وفاقی وزیر تعلیم برائے ہائر ایجوکیشن مولانا عبدالباقی حقانی صاحب سے ملاقات ہوئی جہاں متعدد تعلیمی امور زیر بحث آئے ۔مولانا عبدالباقی حقانی صاحب نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت افغانستان میں مدارس، سکولز، کالجز کے علاوہ 190 یونیورسٹیاں قائم ہیں جن میں 150 یونیورسٹیاں پرائیویٹ جبکہ 40 یونیورسٹیاں سرکاری ہیں جن میں ہزاروں طالبات باحجاب تعلیم حاصل کرر ہی ہیں۔ان کی طرف سے یہ بھی کہا گیا کہ افغانستان میں حکومتی سطح پر تخصصات کے لیے بھی ادارے قائم کیے گئے ہیں جہاں تخصص فی الفقہ،تخصص فی الحدیث،تخصص فی الدعوۃ والارشاد اور دیگر تخصصات کی تعلیم دی جارہی ہےالبتہ ابتدائ کلاسیں نصاب کے حوالے سے کچھ پیچیدگیوں کی وجہ سے تعطل کا شکار ہیں جن پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔
تفصیلی بات چیت میں مولانا عبد الباقی حقانی صاحب کا کہنا تھا کہ افغانستان کے طلباء کے لیے پاکستانی یونیورسٹیوں میں کوٹے مقرر ہیں۔جہاں طلباء اپنی تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹیوں میں خواتین کی تعلیم کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور خواتین کی تعلیم پر کوئی پابندی نہیں ۔ بلکہ افغانستان میں خواتین حجاب میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرسکتی ہیں ۔وزیر تعلیم کے مطابق اس وقت صرف کابل شہر کی ایک یونیورسٹی میں 6 ہزار طالبات جبکہ کابل کی سرکاری یونیورسٹی میں 8 ہزار طالبات زیر تعلیم ہیں
افغانستان کے وزیر تعلیم نے وفد کوتعلیمی پالیسیوں سے آگاہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستانی صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بھی افغانستان کے طلبہ کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔جسے ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں 30 افغانی طلبہ تعلیم کے سلسلے میں بھیجے گئے ہیں ۔افغانستان کے وزیر تعلیم کی طرف سے پاکستانی علمائے کرام کے وفد کو افغانستان کی یونیورسٹیوں کے دورے کی دعوت بھی دی گئ جسے وفد نے بخوشی قبول کیا۔پاکستانی علماء کے وفد میں حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب، شیخ الحدیث حضرت مولانا مولانا انوارالحق صاحب ،حضرت مولانامحمد حنیف جالندھری صاحب، مفتی غلام الرحمن صاحب، مولانا حسین احمد صاحب، مولانا قاری احسان الحق صاحب، مولانا محمد طیب پنج پیر صاحب، سینٹر طلحہ محمود، مولانا ڈاکٹر عمران اشرف، مولانا حافظ سلمان الحق، مولانا احمد حنیف جالندھری، مولانا احسان الرحمن،مولانا ابراہیم سکر گاہی، مولانا نعمان اور حافظ مسعود احمد شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے