صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین جنرل صدر الشیخ عبدالرحمٰن السدیس نے حرمین شریفین اور مقدس مقامات سے متعلق ضوابط اور ہدایات پر عمل کرنے اور ان کی مکمل تعمیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے ضوابط اور قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف خبردار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ حرمین شریفین کی حرمت سعودی عرب کے لیے ایک سرخ لکیر ہے اور جو لوگ اس کی خلاف ورزی کرتے ہیں انہیں برداشت نہیں کیا جائے گا، چاہے ان کی قومیت یا نوعیت کچھ بھی ہو۔ان کا کہنا تھا کہ حرمین شریفین کے امور میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں۔صدارت عامہ حرمین شریفین کے امورمیں خود مختار ہے۔

انہوں نے ان حفاظتی جرائم پر تعزیری سزائیں لاگو کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور ہر ایک سے اس مذہبی اور قومی ذمہ داری میں تعاون کرنے کی اپیل کی۔

خیال رہے کہ مکہ مکرمہ کی پولیس کے میڈیا ترجمان نے کہا ہے کہ خطے کی پولیس نے ایک غیرمسلم صحافی کو مقدس مقامات میں لے جانےکے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق صحافی کے پاس امریکی پاسپورٹ بھی موجود ہے۔

غیر مسلم صحافی کی مدد کرنے والے شہری کا کیس سعودی پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا ہے جو اس مقدمے کی پیروی کریں گے۔

گزشتہ ہفتے کے دوران اسرائیل کے چینل 13 کے لئے کام کرنے والے صحافی گل تماری نے ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ مکہ کی سڑکوں اور اہم مقامات پر موجود تھے۔ سعودی قوانین کے مطابق مکہ کی سرزمین پر غیر مسلم نہیں آ سکتے اور اس کو یقینی بنانے کے لئے کئی جگہوں پر چیک پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے