سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے جمعے کو اعلان کیا ہے کہ دنیا کی تمام ایئر لائنز سعودی سول ایوی ایشن کی شرائط کو پورا کرتے ہوئے ملک کی فضائی حدود استعمال کر سکتی ہیں۔
اتھارٹی نے ایک ٹویٹ میں کہا: ’تمام طیارے جو اوور فلائنگ کے لیے اتھارٹی کی شرائط کو پورا کرتے ہیں‘ کو سعودی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
تاہم اتھارٹی نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ حکم کب سے نافذ عمل ہو گا۔
سعودی اتھارٹی نے بیان میں مزید میں کہا کہ یہ فیصلہ مملکت کی ’1944 کے شکاگو کنونشن کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی خواہش کے نتیجے میں کیا گیا ہے، جس کے تحت بین الاقوامی فضائی نیوی گیشن کے لیے استعمال ہونے والے تمام سول طیاروں کے درمیان غیر امتیازی سلوک کی شرط رکھی گئی ہے۔‘
بیان میں کہا گیا کہ اس فیصلے سے تینوں براعظموں کو جوڑنے والے عالمی مرکز کے طور پر مملکت کی پوزیشن کو مستحکم کرنے اور بین الاقوامی فضائی رابطوں کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔