کراچی: اندرون سندھ میں ہوٹل پر فائرنگ  اور نوجوان کے قتل کے بعد ہونے والے واقعات کے تناظر میں  سہراب گوٹھ پر احتجاج کے باعث موٹروے ایم نائن پر ٹریفک معطل ہوگیا۔

مظاہرین کی جانب سے گاڑیوں پر پتھراؤ کیا جارہا ہے، مشتعل افراد نے گلزار ہجری کے قریب موٹر وے پر دھرنا دے دیا ہے، ہنگامہ آرائی اور پتھراؤ کی وجہ سے متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، مشتعل افرادکی جانب سے  الآصف اسکوائر پر پولیس چوکی پر بھی توڑپھوڑ کی گئی۔

سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر  پر احتجاج کے باعث  پولیس اور رینجرز کی نفری طلب کرلی گئی ہے، پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنےکے لیے لاٹھی چارج بھی کیا جا رہا ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق سہراب گوٹھ سے موٹروے جانے اور آنے والے ٹریفک کو متبادل راستوں پر بھیجا جارہا ہے۔ موٹروے پولیس نے جمالی پل کے قریب سے مرکزی شاہراہ بند کردی ہے، حیدرآباد سے کراچی آنے والے ٹریفک کو متبادل راستوں پر بھیجا جا رہا ہے، اندرون سندھ سے آنے والی بسوں نے مسافروں کو سبزی منڈی پر اتار دیا، مسافروں کی بڑی تعداد سبزی منڈی کے مقام پر موجود ہے۔

حالات کے پیش نظر ملیر اور کراچی ایسٹ کی پولیس کی بھاری نفری طلب کی گئی ہے، مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز کو اینٹی رائٹس سامان کے ساتھ پہنچنےکی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سہراب گوٹھ پر کشیدہ صورت حال پر قابو پانےکے لیے رینجرز کو ہدایت کردی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے