کل اتوار کے روز اسرائیلی فوج نے فلسطینی علاقوں میں ریاستی دہشت گردی کے نتیجےمیں تین فلسطینی شہید  اور متعدد  زخمی ہوگئے۔

اسرائیل کے عبرانی ذرائع نے بتایا کہ مشرقی بیت لحم میں تقوع کے مقام پر فلسطینیوں نے ایک چوکی پر فائرنگ کی۔ اسرائیلی فوجیوں نے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک حملہ آور شہید ہوگیا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق چار فلسطینیوں نے بیت لحم میں ایک یہودی کالونی میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ اس پراسرائیلی فوج نے ان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی موقعے پر شہید جب کہ تین فرار ہوگئے۔

مقامی ذرائع نے بتایا کہ تکواع یہودی کالونی کے قریب اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کر کے 17 سالہ معتصم محمد عطا اللہ کو شہید کردیا۔

دوسری طرف اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] نے نوجوان کی شہادت پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید کا تعلق جماعت سے تھا۔

قبل ازیں اسرائیلی فوج نے بیت المقدس میں باب العامود کے مقام پرایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا۔ قابض فوج نے دعویٰ کیا کہ فلسطینی نوجوان کو اس وقت گولی ماری گئی جب اس نے یہودی آباد کاروں پر چاقو سے حملے کی کوشش کی تھی۔

اسرائیل کے عبرانی چینل ’کے اے این‘ کے مطابق فلسطینی نوجوان نے ایک پولیس اہلکار کو چاقو کے وار سے زخمی کردیا جس کے بعد اسے گولی ماردی گئی۔

فلسطینی میڈٰیا میں باب العامود کے مقام پر شہید ہونے والے فلسطینی نوجوان کی شناخت نذیر مرزوق کے نام سے کی گئی ہے جس کی عمر 19 سال بیان کی جاتی ہے۔

ادھر اتوار کے روز اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے شمالی شہر طولکرم میں ایک فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے