ٹانک:  خیبرپختونخوا میں امن دشمنوں کیخلاف لڑتے ہوئے پاک فوج کے6 جوان شہادت کے رتبے پر فائز ہو گئے، کارروائی میں تین دہشتگرد بھی جہنم واصل ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں تین دہشتگردوں نے فوجی کمپاؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کی، جسے ناکام بنا دیا گیا۔

بیان کے مطابق کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لیکر تین دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے 6 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں میں نوشہرو فیروز کے 48 سالہ صوبیدار میجر شیر محمد، خیرپور کے 39 سالہ نائب صوبیدار زبید، راولپنڈی کے 39 سالہ حوالدار سہیل، ٹنڈو الہ یار کے 36 سالہ لانس نائیک غلام آل، خیرپور کے 32 سالہ سپاہی مسکین علی، سکھر کے 37 سالہ سپاہی میر محمد نے وطن کی خاطر جان کی قربانی دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

جنوبی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک، کیپٹن سمیت 2 جوان شہید

اس سے قبل جنوبی وزیر ستان میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 4 دہشت گرد مارے گئے، ایک کیپٹن اور جوان نے مادر وطن پر لہو نچھاور کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کے ساتھ جھڑپ میں سکیورٹی فورسزنے مؤثرجواب دیا، فائرنگ کےتبادلےمیں 4 دہشتگردہلاک ہو گئے۔ کارروائی کے دوران مادر وطن کی حفاظت پر مامور کیپٹن سعدبن عامر اور لانس نائیک ریاض نے جام شہادت نوش کیا۔

کیپٹن سعد بن عامرکی عمر 25 سال اورتعلق راولپنڈی سے تھا جبکہ لانس نائیک ریاض کی عمر37 سال اور تعلق ٹانک سے تھا، دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کا آپریشن کلیئرنس جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے