نئی دہلی:(ویب ڈیسک)بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ مگ 21 گر کر تباہ ہونے سے پائلٹ ہلاک ہوگیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کےمطابق راجستھان میں جیسلمیر کے مقام پر پاک بھارت سرحد کے قریب سوداسیری گاؤں میں مگ 21طیارہ گر کر تباہ ہوا اور پائلٹ کی لاش برآمد کر لی گئی ہے۔

جیسلمیر کے ایس پی اجے سنگھ نے بھارتی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ طیارہ سام پولیس سٹیشن کے تحت ڈیزرٹ نیشنل پارک کے علاقے میں گر کر تباہ ہوا،مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور حادثے کی تفتیش کی جارہی ہے۔

خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے ٹوئٹ کیا گیا کہ آج شام تقریباً 8:30 بجےانڈین ایئر فورس کا ایک مگ 21طیارہ تربیتی پرواز کے دوران مغربی سیکٹر میں حادثے کا شکار ہوا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق صرف ایک سال میں مگ 21 کے کئی حادثے رپورٹ ہوئے ہیں۔بھارتی حکومت نے مئی 2012 میں پارلیمنٹ کو بتایا تھا کہ 1971 سے اپریل 2012 تک 482 مگ طیارے حادثات کا شکار ہو چکے ہیں جن میں 171 پائلٹ، 39 شہری، 8سروس اہلکار اور ایک ہوائی عملے کا شخص ہلاک ہو چکا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے