سعودی عرب کے شاہ سلمان انسانی امداد اور ریلیف مرکز (کے ایس ریلیف) نے خوراک اور امدادی سامان سے لدے دوطیارے افغانستان بھیجے ہیں۔ان پرخوراک کی 1647 ٹوکریاں اور 192 امدادی بیگ لدے ہوئے تھے۔

کے ایس ریلیف کے نگرانِ اعلیٰ عبداللہ الربیعہ نے بتایا کہ یہ امدادی سامان خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزآل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایات پرعمل درآمد کرتے ہوئے بھیجا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ سعودی عرب نے افغانستان میں امدادی سامان اور خوراک بھیجنے کےلیے فضائی پل قائم کیا ہے اورچھے امدادی طیارے افغانستان بھیجےجارہے ہیں۔ان کے ذریعے 197 ٹن اور238 کلوگرام وزنی ضروری خوراک اور امدادی سامان بھیجا جارہا ہے۔

الربیعہ کے مطابق کے ایس ریلیف 200 امدادی ٹرکوں کے ذریعے مزید امدادی سامان بھی افغانستان بھیجے گا۔اس کو پاکستان سے زمینی قافلوں کے ذریعے روانہ کیا جائے گا اور جنگ زدہ ملک میں خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

کے ایس ریلیف سعودی عرب کی انسانی امدادی تنظیم ہے۔ یہ مرکزمملکت کی جانب سے بین الاقوامی سطح پرضرورت مند ممالک اور معاشروں کے لیے امدادی سرگرمیوں کا انتظام کرتا ہے،انھیں مربوط بناتا اور ان کی نگرانی کرتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے