اسلام آباد:  پاکستان نے کورونا وائرس کا نیا ویرینٹ آنے کے بعد 6 افریقی ممالک اور ہانگ کانگ پر سفری پابندی عائد کر دی ہے۔

پاکستان کی جانب سے کورونا وائرس کا نیا ویرینٹ آنے کے بعد 6 افریقی ممالک اور ہانگ کانگ پر سفری پابندی عائد کر دی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر (این سی او سی) نے ٹویٹر پر نوٹیکفیشن جاری کر دیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جن ممالک پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں جنوبی افریقا، ہانگ کانگ، نمیبیا، بوٹسوانا، لیسوتھو ، موزمبیق ، اسواتینی شامل ہیں۔

این سی او سی نے ٹویٹر پر لکھا کہ کورونا وائرس کا نیا ویرینٹ سامنے آنے کے بعد ان ممالک کو کیٹیگری سی میں شامل کر لیا گیا ہے اور ان ممالک سے براہ راست / بالواسطہ اندرون ملک سفر پر فوری طور پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر (این سی او سی) اسد عمر نے ٹویٹر پر لکھا کہ دنیا بھر میں نیا کورونا وائرس کا ویرینٹ آنے کے بعد 6 جنوبی افریقی ممالک اور ہانگ کانگ پر سفری پابندی عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ کورونا وائرس کا نیا ویرینٹ آنے کے بعد ضروری ہو گیا ہے کہ 12 سال یا اس سے زائد عمر کے تمام شہریوں کو جلد از جلد ویکسین لگائی جائے۔

یاد رہے کہ  عالمی ادارہِ صحت ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی منظرعام پر آنے والی نئی قسم انتہائی ‘باعثِ تشویش‘ ہے اور ابتدائی شواہد کے مطابق اس نئی قسم میں ری انفیکشن کا خطرہ دیگر اقسام سے زیادہ ہے۔ کورونا کی اس نئی قسم کو اومیکورن کا نام دیا گیا ہے اور اس کے پہلے کیسز جنوبی افریقا میں دریافت کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقا میں کورونا وائرس کا تیزی سے منتقل ہونے والا نیا ویرینٹ رپورٹ ہونے کے بعد کئی ممالک نے جنوبی افریقا سمیت مختلف افریقی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

دوسری طرف  کورونا وائرس کی نئی قسم ’ اومی کرون‘ سامنے آنے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمت کم ہوگئی۔

کورونا کی نئے ویرینٹ کی خبر نے عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کو بھی خوفزدہ کردیا ہے اور خام تیل کی عالمی منڈی میں قیمتیں اپریل 2020 کے بعد کم ترین سطح پر آگئی ہیں۔

رائٹرز کے مطابق برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 8.62 ڈالر فی بیرل کم ہوکر 73.60 ڈالر ہوگئی ہے جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 9.36 ڈالر کم ہوکر 69.03 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔

اس کے علاوہ دنیا بھر میں اسٹاک مارکیٹ پر بھی اس کا اثر پڑا ہے اور امریکا، فرانس، جرمنی اور برطانیہ کی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی دیکھی گئی۔

اُدھر  انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنزکرکٹ ورلڈکپ کوالیفائر روک دیے۔

آئی سی سی اعلامیے کے مطابق نئی کورونا قسم کے پھیلاؤ کے پیش نظرایونٹ ختم کیا گیا۔ ورلڈ کپ کیلئےکوالیفکیشن اب رینکنگ کی بنیاد پر ہو گی، پاکستان، بنگلادیش اورویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کھیلیں گے۔

آئی سی سی ہیڈ آف ایونٹس کے مطابق کورونا کے باعث سفری پابندیوں کے پیش نظر ٹورنامنٹ منسوخ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھاکہ ٹورنامنٹ منسوخ کرنے پرمایوسی ہے، زمبابوے سے جتنا جلد ممکن ہو سکا نکل جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے