سعودی حکام کا کہنا ہے کہ جمعہ کی صبح کو صوبہ مدینہ میں ہونے والے ایک ٹریفک حادثے میں چار افراد جان بحق جب کہ 48 زخمی ہو گئے۔

عرب نیوز کے مطابق صوبہ مدینہ کی الحجرہ شاہراہ پر ایک بس اور ٹرک کے درمیان ٹکر ہوئی۔ حادثے کے وقت بس میں 45 مسافر سوار تھے۔

یہ حادثہ مدینہ شہر سے 90 کلو میٹر دور اليتمہ کے علاقے میں ہوا ہے۔

حادثے کے کئی زخمیوں کو مقامی ہسپتالوں میں منتقل کرنے سے قبل جائے حادثہ پر ہی طبی امداد دی گئی۔

سعودی ہلال احمر اتھارٹی کے ترجمان خالد السہلی کے مطابق، اس واقعے سے نمٹنے کے لیے دیگر صوبوں سے بھی مدد لی گئی ہے۔

امدادی کارروائی میں مدینہ سے 20 ایمبولینس گاڑیاں جب کہ مکہ اور القصیم کے صوبوں سے بھی مدد لی گئی ہے۔

اخبار اوکاز کے مطابق جمعرات کی رات 11:27 بجے ایمبولینسوں کو بلایا گیا، لیکن حکام نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ حادثہ کب پیش آیا۔

یہ مصروف روٹ، جس کی دو سال قبل تعمیر نو کی گئی تھی، مکہ اور مدینہ کے صوبوں کے درمیان اہم سڑکوں میں سے ایک ہے۔

حجاج اور نمازی اکثر حرمین شریفین کی زیارت کے لیے اس راستے کا استعمال کرتے ہیں۔

جائے وقوعہ سے لی گئی تصاویر میں ایک سرخ بون لک بس دکھائی دے رہی ہے جس کے اگلے حصے اور ایک طرف کو کافی نقصان پہنچا ہے جب کہ اس کی ونڈ شیلڈ بھی ٹوٹ چکی ہے.

سال 2019 میں اسی شاہراہ پر ایک بس اور لوڈر کے حادثے میں 35 عازمین چل بسے تھے۔

عالمی ادارہ صحت کے تخمینے کے مطابق سعودی عرب میں سال 2019 میں ٹریفک حادثات میں 12,317 اموات ہوئی تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے