اسلام آباد: وزارت پٹرولیم کے ترجمان نے کہا ہے کہ کل ملک بھر میں تمام پی ایس او اور دیگر کمپنیوں کے اپنے پٹرول پمپ کھلے رہیں گے۔

پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے کل ہڑتال کے اعلان پر ترجمان وزارت پٹرولیم نے کہا کہ آئل سپلائی کے لیے ٹینکروں کوروانہ کردیا گیا ہے اس لئے کل ملک بھرمیں تمام پٹرول پمپ کھلے رہیں گے۔

ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ وزارت توانائی پٹرولیم ڈویژن نے پٹرول پمپ ڈیلرز کے مارجن کو بڑھانے کےلئے کیس ای سی سی بھیجوا دیا ہے، آئل مارکیٹنگ کمپنیز اور ڈیلرز کے مارجن میں مناسب اضافے کےلئے وزارت کوشاں ہے جبکہ وفاقی کابینہ کے ذریعے سے دس روز میں فیصلے کا امکان ہے۔

وزارت پٹرولیم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آئل سیکٹر کی مختلف تنظیموں نے وزارت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے جبکہ عوام کو کوئی فکر کرنے یا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

ترجمان پی ایس او کے مطابق کل ملک بھرمیں پی ایس او کے پیٹرول پمپس کھلے رہیں گے، حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں، پیٹرول پمپس پر فیول کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے جبکہ پی ایس او کی سپلائی چین بھرپور طور پر فعال ہے اورپی ایس او عوام کی خدمت کے لیے ہمیشہ کی طرح مستعد ہے۔

آئل اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا) نے پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو پٹرول کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔

ترجمان اوگرا کے مطابق صورتحال کی مانیٹرنگ کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، ڈیلرز مارجن میں اضافے سے متعلق چند عناصر پٹرول کی سپلائی میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، تمام آؤٹ لیٹس پر پٹرول کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ تیل سپلائی میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

قبل ازیں پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پٹرول پمپ مالکان کو کل صبح (25 نومبر) چھ بجے سے فروخت بند رکھنے کی ہدایت جاری کر دی۔

گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور چترال میں بھی ہڑتال ہوگی، پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت نے اُن کے مطالبات تسلیم نہیں کئے جب تک ڈیلر مارجن چھ فیصد نہیں کیا جاتا حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے-حکومت نے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن کوئی عملددرآمد نہیں کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے