گوجرانوالہ:  کالعدم تنظیم کی طرف سے پرتشدد احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، کامونکی اور دیگر مقامات پر جی ٹی روڈ دونوں اطراف سے بند کر دی گئی ہے جبکہ ٹرین سروس بھی متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔

کالعدم تنظیم کے کارکنان پر مشتمل ریلی کامونکی سے نکل کر گوجرانوالہ شہر کی طرف گامزن ہے، جس کے باعث اطراف کے علاقوں میں کاروبارِ زندگی معطل ہوگیا۔

کالعدم تنظیم کے پر تشدد احتجاج کے باعث عوام شدید پریشان ہیں، جی ٹی روڈ دونوں اطراف سے بند ہے، جی ٹی روڈ پر آمدورفت بند ہونے کے باعث اشیائے خورو نوش کی شدید قلت ہے۔

ریلوے سروس معطل

ترجمان ریلوے کے مطابق لاہور اور راولپنڈی کے درمیان شام 4 بج کر 30 منٹ پر چلنے والی سبک خرام اور شام 6 بجے چلنے والی اسلام آباد ایکسپریس اور رات 12بج کر 30 منٹ پر چلنے والی راول ایکسپریس کو بھی دونوں اطراف سے آج کے لیے معطل کیا گیا ہے۔ اسی طرح پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس کو پشاور اور لاہور کے درمیان آج کے روز معطل کردیا گیا ہے، گرین لائن کو راولپنڈی اور لاہور کے درمیان آج کے روز معطل کیا گیا ہے۔ تیزگام ایکسپریس کو بھی آج کے روز راولپنڈی اور لاہور کے درمیان معطل کیا گیا ہے۔

جی ٹی روڈ پر تعلیمی ادارے بند

دوسری طرف شیخوپورہ ،گوجرانوالا، گجرات، جہلم میں موبائل، انٹرنیٹ سروس معطل ہے، جی ٹی روڈ پر تعلیمی اداروں کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ جبکہ کالعدم تنظیم کے قافلے کو روکنے کے لیے رینجرز نے دریائے چناب کے پل کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

گجرات میں پولیس اور ایلیٹ فورس بھی تعینات کر دی گئی ہے، داخلی اور خارجی راستوں پر خندقیں کھود دی گئیں۔

راولپنڈی میں اہم مقامات پر رینجرز تعینات

مزید برآں کالعدم تنظیم کے مارچ کے پیش نظر راولپنڈی میں اہم مقامات پر رینجرزتعینات کر دی گئی ہے، داخلی اور خارجی راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیئے گئے ہیں، میٹرو بس سروس بھی صدر سے فیض آباد تک معطل کر دی گئی ہے، کرفیو جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے جبکہ عوام کے لیے اسپتال جانا محال ہو گیا اور شہری گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ کالعدم جماعت کی غیر قانونی سرگرمیوں سے پیدا ہونیوالی صورتحال کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان نے کل قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔ اس اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق دیگر امور بھی زیر غور آئیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو 12 بجے ہو گا۔ مسلح افواج کے سربراہان اجلاس میں شریک ہوں گے، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی آئی بی بھی شریک ہوں گے، وفاقی وزراء بھی قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر نور الحق اجلاس کو بریفنگ دیں گے، وزیر داخلہ موجودہ صورتحال پر قومی سلامتی کمیٹی کو اعتماد میں لیں گے، احتاجی مظاہرین سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا، کالعدم تنظیم کی غیرقانونی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی جائے گی، کالعدم تنظیم کے احتجاج سے متعلق کابینہ کےفیصلوں پر بریفنگ دی جائے گی، قومی سلامتی سےمتعلق دیگراموربھی غورکیا جائے گا۔

کالعدم تنظیم کے کارکنوں کی پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی ویڈیو سامنے آ گئی

کالعدم تنظیم کے کارکنوں کی جانب سے سادھوکی کے مقام پر پولیس پر فائرنگ کی ویڈیو سامنے آ گئی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کالعدم تنظیم کے کارکنان نے ہاتھوں میں اسلحہ تھام رکھا ہے، وقتا فوقتا فائرنگ کرتے رہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کرنے والے تمام افراد کی گرفتاری کے لئے نادرا سے مدد لی جارہی ہے، گزشتہ روز دو پولیس اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوئے تھے، فائرنگ کس اسلحے سے کی گئی، تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری طرف وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے بڑا ایکشن لیتے ہوئےفائرنگ کرنے والے افراد کی شناخت کےلئے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کردیں۔

صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ فائرنگ کرنے والوں کی شناخت کرکے فوری گرفتار کیا جائے، پنجاب میں کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے، کالعدم تنظیم کے اراکین کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے، کالعدم تنظیم کے احتجاج سے پنجاب کے لاکھوں عوام متاثر ہورہے ہیں، احتجاج کی وجہ سے بیماروں، مسافروں اور طلبا و طالبات سمیت عام شہری کئی دن سے شدید مشکلات کا شکار ہیں، احتجاج کے بجائے پرامن طریقہ اختیار کریں۔

شہید اہلکاروں کے مجرموں کی حوالگی تک مذاکرات نہیں ہو سکتے: فواد چودھری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیم کی طرف سے شہید کیے گئے پولیس اہلکاروں کے مجرموں کی حوالگی تک مذاکرات نہیں ہو سکتے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں لکھا کہ واضع کر چکے ہیں جب تک کالعدم جماعت کے لوگ سڑکیں خالی نہیں کرتے اور پولیس کو شہید کرنیوالے مجرموں کو اداروں کے حوالے نہیں کیا جاتا کوئی مذاکرات نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے کہا کہ محبِ وطن لوگ اس احتجاج سے خود کو لاتعلق کریں، اپنے گھروں کو لوٹ جائیں اور ریاست کیخلاف دہشت گردی کا حصہ نہ بنیں۔

ملک میں افراتفری پھیلی ، حکومتی مشینری صورتحال سے بالکل لاعلم ہے: شہباز

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹوئٹ میں لیگی صدر نے کہا کہ وفاقی وزراء امن و امان کی صورتحال پر متضاد بیانات دے رہے ہیں، وزرا میں سے ایک نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کالعدم تنظیم کے ساتھ 2020 کے معاہدے سے لاعلم تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں افراتفری پھیلی ہے جبکہ قیادت کا فقدان ہے، حکومتی مشینری صورتحال سے بالکل لاعلم ہے، یہی عمرا ن خان کے نئے پاکستان کا طرز حکومت ہے، اس حکومت کی حالت کا اندازہ لگائیں جس کا وزیراعظم کہتا ہے اس نے ٹی وی پر روپے کی قدر میں کمی کی خبر سنی، موجودہ حکمران کسی بھی احساس ذمہ داری سے عاری ہیں، ملک آٹو پائلٹ پر ہے کیونکہ بد قسمتی سے ایک کے بعد دوسرا بحران گہرا ہوتا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے