بلوچستان کے ضلع سبی میں فرنٹیئر کور کی گشت پر مامور ٹیم پر دہشتگردوں کے حملے سے 5 بہادر جوان شہید ہو گئے، فائرنگ کے تبادلے میں امن دشمنوں کو بھاری جانی و مالی پہنچا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق امن دشمنوں نے ضلع سبی کے علاقے سنگن میں ایف سی کی پٹرولنگ پارٹی پر حملہ کیا، فرنٹیئر کور کے بہادر جوانوں نے ڈٹ کر مقابلہ کیا، فائرنگ کے تبادلے میں دہشتگردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان ہوا۔ امن دشمنوں سے لڑتے ہوئے ایف سی کے پانچ بہادر جوان مادر وطن پر قربان ہو گئے۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں حوالدار ظفر علی خان، لانس نائیک ہدایت اللہ، لانس نائیک ناصر عباس، لانس نائیک بشیر احمد اور سپاہی نور اللہ شامل ہیں۔ شہید حوالدار ظفر علی خان، لانس نائیک ہدایت اللہ اور سپاہی نور اللہ کا تعلق لکی مروت سے۔ لانس نائیک ناصر عباس بھکر جب کہ لانس نائیک بشیر احمد نصیر آباد سے تعلق رکھتے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کو فرار ہونے سے روکنے کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد سے ایسی بزدلانہ کارروائیاں کرنے والوں کو بلوچستان میں قربانیوں سے قائم امن و استحکام ہرگز خراب نہیں کرنے دیا جائے گا، پاکستانی سیکورٹی فورسز خون اور جان کی قربانی دے کر امن دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے