پاکستان کے وفاقی اور صوبائی وزرائے تعلیم نے 20 جون کے بعد ملک بھر میں ثانوی تعلیمی بورڈوں کے زیر انتظام میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کے زیرصدارت سوموار کو وزرائے تعلیم کی بین الصوبائی کانفرنس نے کرونا وائرس کی وبا کے تناظرمیں تعلیمی سرگرمیوں اور امتحانات سے متعلق مختلف فیصلے کیے ہیں۔اس کانفرنس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس سال موسم گرما کی تعطیلات مختصر ہوں گی۔

اجلاس میں شریک صوبائی وزرائے تعلیم اور سیکریٹریوں نے ملک بھر میں امتحانات کے انعقاد سے متعلق مختلف تجاویزپرغور کیا ہے اور یہ فیصلہ کیاہے کہ پاکستان بھر میں ثانوی تعلیمی بورڈوں کے زیرانتظام امتحانات 20 جون کے بعد ہوں گے۔البتہ ان امتحانات کی حتمی تاریخوں کا اعلان صوبے بعد میں کریں گے۔

وفاقی وزیر شفقت محمود نے یہ بات زور دے کر کہی کہ تمام اساتذہ ،امتحانی اور انتظامی عملہ کو بروقت ویکسین لگانے پر توجہ مرکوز کی جائے۔انھوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں کے پاس کووِڈ-19 کی ویکسین لگوانے کے سرٹی فیکیٹ نہیں ہوں گے،انھیں امتحانات میں نگران مقرر نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس میں صوبائی وزراء کو قومی تعلیمی فریم ورک سے آگاہ کیا گیا اور اس کی اصولی طور پر منظوری دی گئی ہے۔

اجلاس میں بنیادی تعلیم کے کمیونٹی اسکولوں اور قومی کمیشن برائے انسانی ترقی کے اسکولوں کے عملہ کو 30 جون کے بعد صوبوں کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس ضمن میں بہت جلد ایک نوٹی فیکیشن جاری کردیا جائے گا۔

پاکستان میں کرونا وائرس کی وباکے خلاف اقدامات کے ذمے دار قومی کمان اور آپریشن مرکز نے گذشتہ ہفتے 7 جون سے ان اضلاع میں مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولنے کی اجازت دے دی تھی جہاں کروناوائرس کے مثبت کیسوں کی شرح پانچ فی صد سے کم ہے۔اس نے مزید یہ فیصلہ کیا تھا کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے تمام امتحانات 20 جون کے بعد منعقد ہوں گے۔

البتہ تمام پیشہ ور اور غیرپیشہ ور امتحانات وزارت تعلیم کی سفارشات اور صورت حال کے مطابق الگ الگ ہوں گے۔دریں اثناء شفقت محمود نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’حکام امتحانی مراکز ، وہاں امتحان دینے والے طلبہ اورکووِڈ-19 سے بچاؤ کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر اور کام کرنے کے معیاری طریق کار(ایس اوپیز) کے بارے میں وفاقی سیکریٹری تعلیم کو آگاہ کرسکتے ہیں۔اگر تمام انتظامات اطمینان بخش ہوئے تو امتحانات کی فوری طور پر اجازت دے دی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے