پاکستان نے غزہ میں بین الاقوامی پروٹیکشن فورس تعینات کرنے کا مطالبہ کردیا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج اقوام عالم ایک اہم نکتے پر کھڑی ہیں،اسرائیل نے معصوم فلسطینیوں پر مظالم کی انتہا کر دی،اسرائیلی ظلم کی وجہ سے درجنوں فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوئے، 50ہزار فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کوفوری طور پرغزہ کےلیے امدادی سامان کو یقینی بنانا چاہیے اور مصرکوسرحد کھولنی چاہیے، پاکستان غزہ کےبحران پر عالمی کانفرنس بلانے کے صدر محمود عباس کے مطالبے کی حمایت کرتا ہے،اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسرائیلی بربریت پر واضح اور ٹھوس موقف اختیار کرے ،اسرائیلی جارحیت کا فوری خاتمہ عالمی برادری کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ غرور اور تکبر سے بھرے اسرائیل نے غزہ پر فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں، اسرائیل کو جنگی جرائم کا مرتکب قرار دیا جائے اور  مقبوضہ علاقوں کو خالی کرایا جائے،غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل بھی  یقینی بنائی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگ غیر قانونی قابض اسرائیل اور نہتے فلسطینیوں کے درمیان ہے، ایک طرف جدید ترین قابض فوج ہے،دوسری طرف نہتے فلسطینی ہیں، آج ہم انسانی ہمدردی کے ناطے کچھ کرتے ہیں یا نہیں کرتے یہ  تاریخ کا حصہ ہوگا، وقت آگیا ہے اب اسرائیلی مظالم روکنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں،پاکستان مسئلہ فلسطین کے پر امن حل کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے