اسلام آباد:  نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پانچ فیصد سے کم کورونا مثبت والے اضلاع میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، ان اضلاع میں تمام سکول 24 مئی کو کھل جائیں گے۔

تفصیل کے مطابق این سی او سی کا یہ اہم اجلاس وفاقی وزیر اسد عمر کے زیر صدارت ہوا جس میں صحت کے معاون خصوصی، سندھ کے وزیر صحت اور چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے شرکت کی۔

اجلاس میں 150 افراد کے ساتھ آؤٹ ڈور شادی تقریبات کی بھی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سیاحت کا شعبہ بھی کھولنے کی اجازت دیدی گئی، تاہم ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

این سی او سی نے چوبیس مئی سے آؤٹ ڈور ریسٹورنٹس بھی کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا۔ ریسٹورنٹس رات بارہ بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ ٹیک آوے کی اجازت چوبیس گھنٹے ہو گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مزارات، سینما ہالز، ان ڈور ڈائننگ، ان ڈور جم اور تفریحی پارکس بند رہیں گے۔ تاہم واکنگ اور جوگنگ ٹریکس ایس او پیز کے ساتھ کھلے رہیں گے۔

ان ڈور اور آؤٹ ڈور ثقافتی، میوزیکل، مذہبی اور دیگر اجتماعات پر بھی پابند ی رہے گی جبکہ بین الصوبائی سرکاری ٹرانسپورٹ ہفتہ اور اتوار کو بند رہے گی۔ یہ ٹرانسپورٹ بائیس مئی سے ہفتہ میں دو دن بند ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے