گجرات: (ویب ڈیسک) بھارت کی ریاست گجرات کے خیراتی ہسپتال کے کورونا وارڈ میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جسکے نتیجے میں 18 افراد بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات میں ایک ٹرسٹ کے زیر انتظام بھاروچ ویلفیئر ہسپتال کے کورونا وارڈ میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی، آگ تیزی سے آئی سی یو تک پہنچ گئی جس میں جھلس کر 2 نرسوں سمیت 18 مریض ہلاک ہوگئے۔

گجرات کے وزیر صحت کے ترجمان نے بتایا کہ ہسپتال میں لگی آگ کو بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیاں جبکہ کورونا وارڈ اور آئی سی یو سے مریضوں کو دوسرے ہسپتال میں منتقلی کے لیے 40 ایمبولینسیں بھی بھیجی گئی ہیں۔

فائر بریگیڈ کے عملے نے چار گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا جب کہ 50 سے زائد مریضوں کو قریبی 4 اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جن میں سے 20 کورونا مریضوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

بھارت میں رواں برس ہسپتال میں آتشزدگی کے تین بڑے واقعات رونما ہوچکے ہیں جن میں مجموعی طور پر 50 مریض ہلاک اور 9 زخمی ہوئے تھے جب کہ آکسیجن کی قلت اور مریضوں کے بے پناہ رش کی وجہ سے صحت کا نظام مفلوج ہوگیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے