امریکی صدر جو بائیڈن نے کا نگریس کے اجلاس سے پہلا خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے فوجیں نکالنے کا یہی مناسب وقت ہے۔ روس اور چین کے ساتھ تصادم نہیں چاہتے، پاکستان اور امریکی عوام کے درمیان اعتماد کو بحال کرنا ہے۔

صدارتی دفتر میں سو روز مکمل ہونے پر صدر جوبائیڈن نے امریکی کانگریس سے پہلے خطاب میں کہا کہ افغانستان سے امریکی فوجیوں کی واپسی کا یہی وقت مناسب ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا پھر سے آگے بڑھ رہا ہے اور دنیا کی قیادت کے لیے تیار ہے۔ چین کے ساتھ تصادم نہیں چاہتے، روس سے کشیدگی بڑھانے کی بھی خواہش نہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور امریکی عوام کے درمیان اعتماد کو بحال کرنا ہے۔ کورونا وائرس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ
ویکسینیشن کا عمل تیز کیا ہے، 16 برس کا ہر امریکی ویکسین لگواسکتا ہے تاہم وبا کی تباہی سے بچنے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے لاکھوں نوکریاں دینے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا۔ خطاب کے دوران امریکی صدر نے کہا کہ وہ جمہوریت پر ہونے والے حملوں پر قابو پا لیں گے۔ انہوں نے کانگریس پر زور دیا کہ وہ جارج فلائیڈ کی برسی پر پولیس اصلاحات کا بل پاس کر لیں۔

صدر کے خطاب کے دوران نئی تاریخ رقم کر دی گئی، پہلی بار ان کے دائیں بائیں دو خواتین نظر آئیں۔ دائیں طرف نائب صدرکملا ہیرس اور بائیں طرف اسپیکر نینسی پلوسی براجمان تھیں۔ امریکا کے 46 ویں صدر کانگریس میں خطاب کے لیے آئے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے