پشاور: ملک بھر میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا ہے ، پہلا روزہ بدھ کو ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، علامہ محمد حسین اکبر، مولانا فضل الرحیم، ڈاکٹر یسین ظفر، مفتی محمد اقبال چشتی، مفتی فیصل احمد، سید علی کاکڑ نقوی، مفتی یوسف کشمیری، حافظ عبدالغفور، مفتی فضل جمیل رضوی، مفتی قاری میراللہ، صاحبزادہ سید حبیب اللہ چشتی، علامہ پیر سید شاہ جیلانی، مولانا اسد زکریا قاسمی، مفتی ضمیر احمد ساجد نے شرکت کی۔

 رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں سپارکو کے نمائندے غلام مرتضیٰ، نمائندہ محکمہ موسمیات ڈاکٹر عظمت حیات خان اور نمائندہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی زین العابدین بھی شریک تھے۔

پشاور میں چاند نظر آنے کے بعد رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبد الخبیر آزاد نے دیگر ممبران کیساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں چاند نظر آ گیا ہے، پاکستان میں کئی مقامات پر چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ اسلام آباد،کراچی،بدین،سوات،مالکنڈ،راجن پور،قصورکے مقامات پررمضان کا چاند نظرآیا ہے۔ کل پہلا روزہ ہو گا۔ پورے پاکستان میں قوم ایک دن روزہ رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے نجات کے لیے دعائیں کی جائیں، آج پشاورسے ایسا فیصلہ ہوا ہے جوپاکستان کے لیے وحدت کا پیغام ہے۔ اللہ پاکستان کوامن کا گہوارہ بنائے۔ ہم سب ملکردعا کرتے ہیں اللہ پاکستان کی حفاظت فرمائے۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت،محکمہ اوقاف،وزارت سائنس کا بھی شکرگزارہوں۔ آئیں سب اللہ کے حضوردعا کرتے ہیں پاکستان کے امن واستحکام،خوشحالی کے لیے کام کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے