پشاور: وزیراعلیٰ محمود خان نے خیبر پختونخوا کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کرلیا ہے۔ دو نئے وزرا جمعرات کو اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔

ذرائع کے مطابق سابق صوبائی وزیر شہرام خان تراکئی کو دوبارہ کابینہ میں شامل کیا جا رہا ہے جبکہ باجوڑ سے صوبائی اسمبلی کے رکن انور زیب کو بھی وزیر بنایا جا رہا ہے۔

جمعرات کے روز 12 بجے دوپہر حلف برداری کی تقریب ہوگی۔ شہرام خان ترکئی تیسری مرتبہ حلف اٹھائیں گے۔ صوبائی کایبنہ میں قبائلی ضلع باجوڑ سے رکن اسمبلی انور زیب بھی حلف اٹھائیں گے۔

قبائلی اضلاع سے یہ دوسرے صوبائی وزیر ہونگے۔ انور زیب خان خیبر پختونخوا کے نئے ضم ہونے والے اضلاع سے 2019ء کے انتخابات میں پی کے 100 باجوڑ سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ شہرام خان تراکئی کو عاطف خان اور شکیل خان کے ہمراہ محمود خان سے اختلافات کی بنا پر اپنے عہدوں سے فارغ کر دیا گیا تھا۔ تاہم گورنر شاہ فرمان، وزیراعلیٰ محمود خان اور شہرام خان کے درمیان ملاقات میں تمام معاملات طے پا گئے تھے۔ اسی بنا پر انھیں اب صوبائی کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے