شام میں بشار حکومت کے زیر انتظام میڈیا کے مطابق دارالحکومت دمشق کی فضاؤں میں دھماکے سنے گئے۔ مزید یہ کہ شامی فوج کے فضائی دفاعی نظام نے دمشق کے دیہی علاقے کی فضاؤں میں متعدد معاند اہداف اور میزائلوں کا راستہ روک دیا۔
شامی عسکری ذرائع کے بیان کے مطابق اسرائیل نے جنوبی علاقے کو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔
شامی حکومت کے زیر انتظام میڈٰیا نے تصدیق کی ہے کہ حملے میں بشار کی فوج کے 2 اہل کار ہلاک اور 7 زخمی ہو گئے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے اگست کے اوائل میں اعلان کیا تھا کہ اس نے شام کے جنوب میں بشار حکومت کی فوج کے عسکری اہداف کے خلاف حملوں کی کارروائیاں کیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی گولان کی پہاڑیوں کے جنوب میں دھماکا خیز آلات کی تنصیب کے جواب میں کی گئی۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق جنگی ہیلی کاپٹروں اور طیاروں نے شامی فوج کے اہداف پر حملے کیے۔ اس دوران سروے اور معلومات اکٹھا کرنے والے مراکز، طیارہ شکن توپوں اور کمان کے ذرائع کو نشانہ بنایا گیا۔