متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں ایک ریسٹورنٹس میں گیس کا ایک سلنڈر غلط تنصیب کی وجہ سے پھٹ گیا ہے جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

ابوظہبی کے میڈیا دفتر نے ایک ٹویٹ میں اس واقعہ کی اطلاع دی ہےاور کہا ہے کہ ’’ بدقسمتی سے دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ان میں ایک دھماکے کی جگہ کے نزدیک ہی چل بسا ہے۔ دوسرا متوفیٰ ایک راہ گیر تھا اور اس پر دھماکے کے بعد ملبہ گرا تھا۔ہم ان کے خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائیں۔‘‘

بیان کے مطابق یہ واقعہ شاہراہ راشد بن سعید پر واقع ایک ریستوراں میں پیش آیا ہے۔ ابوظبی پولیس نے اس کی عمارت کے ارد گرد کے علاقے کو مکینوں سے خالی کرا لیا ہے تاکہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔

دارالحکومت کے میڈیا دفتر نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ محکمہ حادثات اور تحفظِ عامہ کی ٹیموں نے متاثرہ عمارت اور اس کے ساتھ واقع عمارتوں کا تفصیلی معائنہ کیا ہے تاکہ وہاں موجود رہ جانے والے کسی زخمی کو نکال کر اسپتال منتقل کیا جاسکے۔دھماکے سے بعض افراد شدید زخمی ہوئے ہیں اور بعض کو معمولی زخمی آئے ہیں۔

پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا ہے کہ گیس کے کنٹینر(سلنڈر) کو دوبارہ بھروانے کے بعد غلط طریقے سے لگایا گیا تھا۔اس کی وجہ سے گیس کے اخراج کے بعد وہ دھماکے سے پھٹ گیا ہے۔

ابو ظہبی پولیس نے اس سے پہلے ایک بیان میں عوام پر زوردیا تھا کہ ’’وہ واقعے سے متعلق افواہیں نہ پھیلائیں اور صرف سرکاری ذرائع سے حاصل کردہ معلومات پر انحصار کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے