پاکستان کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں پولیس کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے قافلے پر ایک حملے میں تین اہلکار شہید  جبکہ چار زخمی ہو گئے۔

دوسری طرف شمالی وزیرستان میں پستون تحفظ موومنٹ ’’پی ٹی ایم‘‘ کے رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی میر کلام کی گاڑی پر نامعلوم افراد کے حملے میں وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے، ان کی گاڑی پر کئی گولیاں لگیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق حملے میں نشانہ بننے والوں میں صوبیدار ندیم، سپاہی سلیم اور لائنس نائیک مصور شامل تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چار زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

لاشیں اور زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے وانا منتقل کر دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ کاژاکئی میں سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کیا ہے اور وانا سے مزید نفری بھی علاقے میں روانہ کر دی ہے۔

بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ واقعہ کب اور کس مقام پر پیش آیا۔ جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کی کتنا نقصان اٹھانا پڑا۔

واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 24 اگست کو شمالی وزیر ستان میں پاک افغان سرحد متصل سیکٹر کا دورہ کیا تھا اور وہاں تعینات جوانوں سے ملاقات کی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے