لاہور: پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں دو بچوں سمیت 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، نشیبی علاقوں سے پانی نہ نکلا جاسکا، بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا، دریائے چناب میں چنیوٹ کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔ لاہور میں سگیاں پل کے قریب گھر کی چھت گرگئی، جس میں 4 افراد جاں بحق جبکہ کئی افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن جلد مکمل کیا جائے گا، مشینری کام کر رہی ہے، ریسکیو اور محکمہ صحت کے افسران موقع پر موجود ہیں۔

 ظفر وال شہر میں بھی بارش کے باعث سڑکیں تالاب بن گئیں، پانی گھروں میں داخل ہوگیا، لوگوں کی زندگی اجیرن ہوگئی۔ سڑکوں پر بھی کئی کئی فٹ پانی جمع ہے جس سے آمدورفت میں مشکلات ہیں۔ کرنٹ لگنے سے طالبعلم جاں بحق ہوگیا۔

وزیر آباد میں بھی طوفانی بارش ہوئی جہاں گھر کی چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق ہوگئے، صفدر آباد میں بارش کے باعث کلینک کی چھت گر گئی تاہم ڈاکٹر سمیت تمام افراد محفوظ رہے۔

دوسرے روز بھی دریائے چناب میں چنیوٹ کے مقام پر پانی کی سطح ایک لاکھ آٹھ ہزار کیوسک تک پہنچ گئی، فلڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔

ملحقہ بستیوں کو فوری طور پر حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئیں، مختلف مقامات پر 4 فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دئیے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے