یمن میں آئینی حکومت کے دفاع کے لیے لڑنے والے عرب عسکری اتحاد کے جنگی طیاروں‌ نے کل اتوار کو شمالی یمن کے علاقے الجوف کے الحزم ڈاریکٹوریٹ میں ایک فضائی حملے میں حوثی باغیوں کی کمک اور ایک اسلحہ گودام کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دشمن کو بھاری جانی اور مالی نقصان سے دوچار کیا گیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق عرب اتحاد کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اتحادی فوج کے طیاروں‌ نے اتوار کے روز حوثیوں کے’النضود فرنٹ’ مرکز کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود تباہ ہونے کے ساتھ باغیوں کو جانی نقصان بھی پہنچا ہے۔ بمباری میں انتہائی احتیاط سے کام لیا گیا اور صرف حوثیوں کے اسلحہ گودام اور کمک کو نشانہ بنا کر انہیں نقصان پہنچایا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بمباری کا ہدف بننے والی حوثی تنصیبات سے آگ کے شعلے اور سیاہ دھوئیں کے بادل بلند ہوتے دیکھے گئے ہیں۔ ادھر اتحادی فوج نے اسی علاقے میں‌ حوثیوں‌ کے ایک فوجی قافلے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اس کانوائے میں شامل تمام باغی ہلاک اور زخمی ہو گئے۔ یہ باغی الجوف میں الحزم کے علاقے میں جا رہے تھے۔

اتحادی فوج اور یمنی فوج نے جبل اللوز کے مقام پر باغیوں کے خلاف تین فضائی حملے کیے جب کہ قرن جعاس کے مقام پر بھی حوثیوں کی فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنا کر انہیں تباہ کر دیا گیا۔ اس کارروائی میں ایرانی حمایت یافتہ باغیوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے