کراچی کے مختلف علاقوں میں مون سون کے تیسرے اسپل میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش ہوئی ہے جب کہ بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے آج مزید 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں مون سون کے تیسرے اسپل کے دوسرے دن بھی بادل جم کر برسے جس سے اربن فلڈنگ کا خطرہ پیدا ہوگیا۔
اورنگی ٹاؤن، فیڈرل بی ایریا اور گلشن اقبال سمیت دیگر علاقوں میں شدید بارش کے باعث سڑکیں زیر آب آگئیں اور برساتی نالے بھی بھر گئے جب کہ لیاقت آباد3 نمبر سے گجر نالہ اوور فلو ہوگیا اور پانی قریبی آبادی میں داخل ہوگیا۔
سڑکیں زیر آب آنے سے متعدد شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام ہوگیا اور متعدد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں خراب ہوگئیں جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
اُدھر ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی کا کہنا ہے کہ شہر میں اربن فلڈنگ جیسی صورتحال ہے، بارش رکنے تک یہ صورتحال برقرار رہے گی تاہم ڈی ایم سی ضلع وسطی نے جو ممکن تھا وہ کیا ہے۔
کرنٹ لگنے سے مزید 3 افراد جاں بحق
بارش کے باعث کرنٹ لگنے اور دیگر واقعات میں مزید 3 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد دو دن میں اب تک 8 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
کراچی کی مویشی منڈی میں 18 سال کا ولید کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا جسے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
جاں بحق نوجوان کے والد کے مطابق ولید کل بڑے بھائی کے ہمراہ مویشی منڈی گیا تھا جہاں بجلی کے تار لٹکے ہوئے تھے، اس نے اٹھا کر گزرنے کی کوشش کی تو کرنٹ لگا اور ولید موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
اس کے علاوہ بلدیہ سپارکو روڈ پر فیکٹری میں کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے اور اس طرح گزشتہ روز سے اب تک مختلف حادثات میں ہلاک افراد کی تعداد 8 ہوگئی۔
شہر میں بجلی کی فراہمی معطل
دوسری جانب بارش کی بوند پڑتی ہی ایک بار پھر روایتی طور پر شہر شمالی حصہ بجلی سے محروم ہوگیا۔
اورنگی ٹاؤن، بلدیہ، سعید آباد، نارتھ ناظم آباد، سرجانی، نیوکراچی، سائٹ، لیاقت آباد، کاٹھور، گلشن معمار، نصرت بھٹو کالونی، نارتھ کراچی، قصبہ، علی گڑھ اورمنگھوپیر میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
اس کے علاوہ کنواری کالونی، ولیکا، بنارس، احسن آباد، موچکو اورملحقہ علاقوں، ملیر، کھوکھراپار، شاہ لطیف ٹاؤن، بن قاسم، گڈاپ، سہراب گوٹھ میں بھی بجلی کی فراہمی بند ہے۔
پاپوش نگر، چھوٹا میدان،ایف سی ایریا، موسیٰ کالونی اورایف بی ایریا کے مختلف بلاکس میں بھی بجلی معطل ہے۔