لاہور:  لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکول کھولنے سے متعلق حکومت نے اہم اعلان کر دیا، حالات بہتر ہونے پر 15 اگست تک تمام سکول کھول دئیے جائیں گے۔

صوبائی وزیر برائے سکول ایجو کیشن ڈاکٹر مراد راس کا کہنا ہے کہ حالات بہتر ہوئے تو 15 اگست سے تمام سکول کھول دیں گے، سکولوں میں بیک وقت تمام طلبہ کو پڑھانے کی اجازت نہیں ہوگی، پہلے مرحلے میں صرف ضروری کلاسز شروع کی جائیں گی، ایک کمرہ جماعت میں صرف 20 طلبہ کو بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔

انہوں نے کہا ایل جی ایس معاملے پر متاثرہ طالبات اور ان کے والدین سے پیر کو ملاقات کروں گا۔

 خیال رہے پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 25 ہزار 283 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 68 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 4 ہزار 619 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 387 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 80 ہزار 297، سندھ میں 90 ہزار 721، خیبر پختونخوا میں 27 ہزار 506، بلوچستان میں 10 ہزار 717، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 536، اسلام آباد میں 13 ہزار 292 جبکہ آزاد کشمیر میں ایک ہزار 214 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 13 لاکھ 72 ہزار 825 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 22 ہزار 50 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک ایک لاکھ 25 ہزار 94 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 460 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 68 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 4 ہزار 619 ہوگئی۔ پنجاب میں ایک ہزار 844، سندھ میں ایک ہزار 459، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 2، اسلام آباد میں 130، بلوچستان میں 122، گلگت بلتستان میں 28 اور آزاد کشمیر میں 34 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے