اسلام آباد: عید الاضحیٰ کیلئے ایس او پیز کی تیاری سے متعلق اجلاس کے دوران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق کا کہنا ہے کہ علماء کیساتھ مشاورت جاری رکھیں گے اور متفقہ قومی لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وباء سے محفوظ عید الاضحیٰ کیلئے ایس او پیز کی تیاری کیلئے وزارتِ مذہبی امور میں علماءو مشائخ کیساتھ مشاورتی اجلاس ہوا۔

وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ سید اعجاز شاہ، وزیر اعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، آفتاب جہانگیر، پارلیمانی سیکرٹری سمیت چاروں صوبوں، گلگت بلتستان،اور آزادکشمیر سے صوبائی حکومتی ارکان اور علماءکرام کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں کورونا وبا کی وجہ سے ملک بھر میں بڑھتی ہوئی اموات اور صحت کی ابتر صورتحال کے پیش نظر مویشی منڈیوں اور عید الاضحیٰ کے اجتماعات کو محفوظ بنانے کے حوالے سے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ اور ملک بھر سے نمائندہ علماءکرام اور مشائخ عظام نے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ اگر موثر احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو جولائی کے آخری دو ہفتے اس وبا کے حوالے سے مہلک ثابت ہو سکتے ہیں۔ پاکستان اس بیماری کی بڑھتی ہوئی شرح کے حوالے سے پہلے تین ممالک میں شامل ہو چکا ہے۔

اجلاس کے شرکاءنے حکومتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک اور عید الفطر کے موقع پر بھی باہمی مشاورت سے 20 نکاتی اعلامیہ تیار کیا گیا تھا۔ تمام مساجد، مدارس اور دینی حلقوں نے اس اعلامیے پر من عن عمل درآمد کر کے ذمہ داری کا ثبوت دیا۔ دینی حلقے اس مہلک وبا کی روک تھام کیلئے اب بھی حکومتی کوششوں کے ساتھ کھڑے ہونگے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا کہ دینی شعائر اور مذہبی فرائض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ قومی صحت و سلامتی کا خیال بھی رکھنا ہے۔ پاکستان پہلا ملک تھا جس نے علماءکرام کی مشاورت سے رمضان المبارک کے موقع پر مساجد کو ایس او پیز کے ساتھ کھلا رکھا۔

انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان اب بھی مشاورت کا عمل جاری رکھے گی اور اس سلسلے میں صوبوں اور گلگت بلتستان،آزادکشمیر سے آنے والی تجاویز کی روشنی میں مشاورت کے ساتھ قومی لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے