اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے چینی انکوائری کمیشن کیس پر حکم امتناعی خارج کرتے ہوئے تمام اداروں کو چینی رپورٹ پر کارروائی کی اجازت دے دی۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے 11 جون کو چینی اسکینڈل کی تحقیقات کرنے والے شوگر کمیشن کی سفارشات جس میں ملز مالکان کے خلاف مجرمانہ مقدمے کے اندراج پر زور دیا گیا تھا، پر اس شرط کے ساتھ حکم امتناع جاری کیا تھا کہ وہ عام آدمی کو 25 جون تک 70 روپے کلو میں چینی فروخت کریں گے۔

شوگر کمیشن کی رپورٹ کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے والے درخواست گزاروں میں پاکستان شوگرملز ایوسی ایشن (پی ایس ایم اے)، جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے کی زیر ملکیت شوگر ملز، سلیمان شہباز شریف، مخدوم عمر شہریاراور دیگر شامل تھے۔

کیس سننے کے بعد آج اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس جسٹس اطہر من اللہ نے مختصر فیصلہ میں شوگر ملز ایسوسی ایشن کی چینی رپورٹ پر کاروائی روکنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

 دو صفحات پر مشتمل فیصلہ میں جاری کیا گیا ہے کہ درخواستگزار سمیت کوئی بھی فریق ہو اس کا فیئر ٹرائل کا حق متاثر نہیں ہونا چاہیے، تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ وفاقی حکومت کا نیب کوکیس بھیجنا درست ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے چھٹی کے دن چارگھنٹے تک دلائل سنے۔ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے مختصر فیصلے کے مطابق انکوائری کمیشن کی تشکیل درست تھی، اسلام آباد:قیمت کا تعین کرنا ہمارا نہیں ایگزیکٹوکا اختیارہے۔ وفاقی وزراء فیصلے پر بیان بازی نہیں کرینگے۔

فیصلے میں چینی کمیشن پر عملدرآمد کیلئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب اور داخلہ شہزاد اکبر کو تفویض کردہ اختیارات غیرقانونی قرار دیئے گئے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے میں مزید کہا گیا کہ وفاقی کابینہ کا شہزاد اکبر کو اپنے اختیارات تفویض کرنا خلاف قانون ہے، کابینہ کا شہزاد اکبر کو اختیارات دینا سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔

اس سے قبل کیس کی سماعت شروع ہوئی تو اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں یہ رواج بن چکا ہے، شوگر ملز کے طاقت ور طبقات حکومت میں موجود ہوتے ہیں، یہ کہنا غلط ہو گا کہ انکوائری کمیشن سیاسی مخالفین سے انتقام کے لئے بنایا گیا، انکوائری تو حکومت کے اپنے مضبوط اتحادیوں اور دوستوں کیخلاف بھی ہو رہی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ کسی تعصب پر مبنی کارروائی نہیں۔

خالد جاوید خان نے کہا کہ کمیٹی میں آئی ایس آئی کے ممبر کی شمولیت کا اعتراض آیا تھا اس کی وضاحت کردوں، سپریم کورٹ نے پانامہ اور فیک اکاونٹس کیس میں بھی جے آئی ٹی تشکیل دی، اس میں بھی مختلف اداروں کے افسران کو شامل کیا گیا تھا، انکوائری کمیشن نے ایسے ٹی او آرز کے تحت کام کیا کہ شوگر انڈسٹری کے تمام پہلوسامنے آسکیں، ایک لحاظ سے یہ رپورٹ مکمل ان کے خلاف بھی نہیں بلکہ اس میں غیر قانونی اقدام کی نشاندہی کی گئی ہے۔

کیس کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ شوگر ملز کا مسئلہ حکومتی پریس کانفرنسز بھی ہیں، جو حکومت میں ہیں ان کو تو اس طرح کی پریس کانفرنسز کرنے کی ضرورت ہی نہیں، ایسی پریس کانفرنسز دوسرے فریق کے حقوق متاثر کرتی ہیں، انکوائری اور تفتیش کے شروع میں ایسی پریس کانفرنسز نہیں ہونی چاہئیں۔

شوگر ملز کے وکیل مخدوم علی خان نے حکم امتناع میں توسیع کی درخواست کی تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے شوگر انکوائری رپورٹ پر مزید اسٹے آرڈر دینے سے انکار کردیا۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کرکٹر سلیم ملک کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹر پر آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا الزام تھا اور انہوں نے پاکستان میں کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی تھی لیکن ان پر جو الزام تھا اس سے متعلق پاکستان میں کوئی قانون موجود نہیں تھا اس لیے انکوائری کمیشن بنایا گیا، لہذا شوگر کے معاملے پر تمام متعلقہ قوانین ملک میں موجود ہیں، حکومتی انکوائری کمیشن کی ضرورت نہیں تھی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے شوگر ملز وکیل سے کہا کہ کمیشن رپورٹ میں وفاقی وزیر اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے بارے میں بھی لکھا ہے کیا وہ بھی تعصب ہے؟ ان لوگوں کے بارے میں بھی سیریس لکھا گیا جو ابھی وفاقی کابینہ میں ہیں، زیادہ تشویش تو اس پبلک آفس ہولڈر کو ہونا چاہیے تھا جو آج اس حکومت میں ہے، اس سارے کے ہوتے ہوئے ہم کیسے کہہ دیں کہ رپورٹ تعصب کی بنا پر تیاری کی گئی؟۔ آپ تو بینفشری ہیں آپ سیکنڈری ہیں پہلے تو پبلک آفس ہولڈر آتے ہیں۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ چینی رپورٹ میں موجودہ حکومت کے ذمہ داران کو بھی مورد الزام ٹھہرایا گیا، ملز مالکان تو فائدہ لینے والے ہیں، اصل مسئلہ تو عوامی عہدہ رکھنے والوں کو ہونا چاہیے، ذمہ دار قرار دیے گئے کسی حکومتی رکن نے چینی رپورٹ کو چیلنج نہیں کیا؟ ابھی تک پتہ نہیں نیب اس پر کارروائی کرتا بھی ہے یا نہیں، چینی رپورٹ اصل میں موجودہ حکومت اور نیب کا امتحان ہے۔

شوگر ملز مالکان کے وکیل مخدوم علی خان نے استدعا کی کہ چینی بحران پر نیا کمیشن تشکیل دیا جائے ، کابینہ کا الگ اور معاون خصوصی کا الگ فیصلہ ہوا، شہزاد اکبر کو ذمہ داری دی گئی کہ وہ کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کرائیں گے۔

عدالت نے کہا کہ کیا کابینہ اپنے اختیارات کسی اور کو دے سکتی ہے؟ عدالت نے مسابقتی کمیشن کیس کے فیصلے میں کہا ہے کہ کابینہ اپنا اختیار کسی کو نہیں دے سکتی۔

اٹارنی جنرل نے شہزاد اکبر کو انکوائری رپورٹ پر عمل درآمد کی ذمہ داری دینے کے فیصلے پر نظرثانی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ میں حکومت کو ایڈوائس دیتا ہوں کہ وہ اس پر نظرثانی کرے۔

چینی بحران کی تحقیقاتی رپورٹ
یاد رہے کہ ملک میں چینی کے بحران کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کی اپنی رپورٹ 4 اپریل کو عوام کے سامنے پیش کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ چینی کی برآمد اور قیمت بڑھنے سے سب سے زیادہ فائدہ جہانگیر ترین کے گروپ کو ہوا جبکہ برآمد اور اس پر سبسڈی دینے سے ملک میں چینی کا بحران پیدا ہوا تھا۔

دستاویز کے مطابق سال 17-2016 اور 18-2017 میں چینی کی پیداوار مقامی کھپت سے زیادہ تھی اس لیے اسے برآمد کیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں چینی کی سالانہ کھپت 52 لاکھ میٹرک ٹن ہے جبکہ سال 17-2016 میں ملک میں چینی کی پیداوار 70 لاکھ 80 ہزار میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی اور سال 18-2017 میں یہ پیداوار 66 لاکھ 30 ہزار میٹرک ٹن تھی۔

تاہم انکوائری کمیٹی کی تحقیقات کے مطابق جنوری 2019 میں چینی کی برآمد اور سال 19-2018 میں فصلوں کی کٹائی کے دوران گنے کی پیدوار کم ہونے کی توقع تھی اس لیے چینی کی برآمد کا جواز نہیں تھا جس کی وجہ سے مقامی مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں تیزی سے اضافہ ہوا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ برآمد کنندگان کو 2 طرح سے فائدہ ہوا، پہلا انہوں نے سبسڈی حاصل کی دوسرا یہ کہ انہوں نے مقامی مارکیٹ میں چینی مہنگی ہونے سے فائدہ اٹھایا جو دسمبر 2018 میں 55 روپے فی کلو سے جون 2019 میں 71.44 روپے فی کلو تک پہنچ گئی تھی۔

بعدازاں حکومت چینی بحران پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تحقیقاتی رپورٹ کا فرانزک آڈٹ کرنے والے کمیشن کی حتمی رپورٹ 21 مئی کو سامنے لائی تھی جس کے مطابق چینی کی پیداوار میں 51 فیصد حصہ رکھنے والے 6 گروہ کا آڈٹ کیا گیا جن میں سے الائنس ملز، جے ڈی ڈبلیو گروپ اور العربیہ مل اوور انوائسنگ، دو کھاتے رکھنے اور بے نامی فروخت میں ملوث پائے گئے۔

معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے بتایا تھا کہ کمیشن کی رپورٹ کے مطابق اکاؤنٹنگ کی مد میں فراڈ ہوا ہے اور گنے کی خریداری میں انڈر رپورٹنگ کی جارہی ہے، پاکستان میں جتنا گنا پیدا ہوتا ہے اور جتنی چینی پیدا ہوتی ہے اور جتنی فروخت ہوتی ہے اس میں 25 سے 30 فیصد کا فرق آرہا ہے۔

شہزاد اکبر نے کہا تھا انکوائری کمیشن کو مل مالکان کی جانب سے 2، 2 کھاتے رکھنے کے شواہد ملے ہیں، ایک کھاتہ سرکاری اداروں جیسا کہ ایس ای سی پی، ایف بی آر کو دکھایا جاتا ہے اور دوسرا سیٹھ کو دکھایا جاتا ہے جس میں اصل منافع موجود ہوتا ہے۔

معاون خصوصی نے کہا تھا کہ انکوائری کمیشن کے مطابق اس وقت ملک میں شوگر ملز ایک کارٹیل کے طور پر کام کررہی ہیں اور کارٹیلائزیشن کو روکنے والا ریگولیٹر ادارہ مسابقتی کمیشن پاکستان اس کو روک نہیں پارہا، 2009 میں مسابقتی کمیشن نے کارٹیلائزیشن سے متعلق رپورٹ کیا تھا جس کے خلاف تمام ملز مالکان میدان میں آگئے تھے۔

شہزاد اکبر نےمزید کہا تھا کہ سب سے بڑا گروپ جے ڈی ڈبلیو ہے جن کا چینی کی پیداوار میں 20 فیصد کے قریب حصہ، آر وائے کے کا 12فیصد، المعیذ گروپ کا 6.8 فیصد، تاندیا والا کا 5 فیصد، شریف گروپ کا 4.5 فیصد اور اومنی گروپ کا 1.6 فیصد حصہ ہے۔

معاون خصوصی نے بتایا تھا کہ جے ڈی ڈبلیو شوگر مل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما جہانگیر ترین کے 21 فیصد حصص ہیں، علی خان ترین کے 13 فیصد، احمد محمود صاحب کے 26 فیصد شیئرز ہیں اور یہ واحد کمپنی ہے جس میں 24 فیصد شیئر عوام کا ہے، انہوں نے کہا کہ جے ڈی ڈبلیو نے 2 کھاتے رکھے تھے، اوور انوائسنگ اور انڈر رپورٹنگ بھی پائی گئی۔

چنانچہ 7 جون کو وزیر اعظم عمران خان نے شوگر کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں چینی اسکینڈل میں ملوث افراد کے خلاف سفارشات اور سزا کو منظور کرتے ہوئے کارروائی کی ہدایت کی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے