سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جنت نظیر وادی میں مزید پانچ نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں مہلک وباء کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں، اس دوران بیماری سے روکنے کے لیے ہر ملک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے، تاہم بھارتی سرکار کورونا وائرس کی وباء کے دوران کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کر رہی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی ظالم اور قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کے تحت مزید پانچ کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے، یہ واقعہ مقبوضہ وادی کے ضلع شوپیاں میں پیش آیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شوپیاں کے علاقے سوگو ہندیما کے علاقے میں بھارتی فوج نے نوجوانوں کو نام نہاد آپریشن کے نام پر شہید کیا۔ نوجوانوں کو شہید کیے جانے کے باوجود تاحال آپریشن جاری ہے جبکہ ظالم فوج نے داخلی اور خارجی راستے بلاک کر دیئے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ وادی کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے وادی میں آپریشن کے بعد انٹرنیٹ کی سہولت بند کر دی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ چار روز کے دوران ریاستی دہشتگردی کا ضلع شوپیاں میں یہ تیسرا واقعہ ہے، اس آپریشن کے دوران 14 سالہ نوجوان بھی شہید ہوا جبکہ متعدد لوگ بھی زخمی ہوئے اور قابض فوج نے متعدد گھروں کو مسمار کر دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے