نوشہرہ: خیبر پختونخوا سے تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی میاں جمشید کورونا سے جنگ لڑتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے۔ میاں جمشید کئی دنوں سے اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

 ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کے مطابق میاں جمشید الدین کاکاخیل کے بیٹے میاں عمر کاکاخیل اور بھائی میاں شبیر الدین کاکاخیل کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ میاں جمشید الدین صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن رہے، وہ وفاقی وزیر پرویز خٹک کے قریبی دست راز اور ساتھیوں میں سے تھے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق ایس او پی کے مطابق آج 6 بجے کاکا صاحب میں تدفیق کی جائیگی۔

خیال رہے پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 80 ہزار 463 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 67 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد ایک ہزار 688 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 131 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 29 ہزار 489، سندھ میں 31 ہزار 86، خیبر پختونخوا میں 10 ہزار 897، بلوچستان میں 4 ہزار 740، گلگت بلتستان میں 779، اسلام آباد میں 3 ہزار 188 جبکہ آزاد کشمیر میں 284 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 5 لاکھ 95 ہزار 344 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 17 ہزار 370 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 28 ہزار 923 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 67 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 688 ہوگئی۔ سندھ میں 526، پنجاب میں 570، خیبر پختونخوا میں 490، گلگت بلتستان میں 12، بلوچستان میں 49 اور اسلام آباد میں 34 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے