اسلام آباد: مولانا محمد حنیف جالندھری کی صدارت میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا اہم اجلاس,وفاق المدارس کی ہدایت پر ملک بھر کے مدارس میں داخلوں کے آغاز پر اظہار اطمینان,احتیاطی تدابیر کو پیش نظر رکھتے ہوئے تعلیمی مراحل کو منظم کرنے کی ہدایت,جون کے دوسرے ہفتے میں شعبہ تحفیظ جبکہ جولائ کے آغاز میں شعبہ کتب کی تعلیم کے آغاز کی تجویز,امتحانات کے حوالے سے کئ تجاویز زیر غور آئیں حتمی فیصلہ امتحانی کمیٹی اور مجلس عاملہ کرے گی,نئے تعلیمی سال کے لیے ڈاکٹرز کے مشورے سے تیار کی گئ تجاویز کو تسلی بخش قرار دیا گیا,جمعہ 5 جون کو یوم عمر بن عبدالعزیز کے طور پر منایا جائے گاتفصیلات کے مطابق وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا ایک اہم اجلاس جنرل سیکرٹری وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا محمد حنیف جالندھری کی صدارت میں وفاق ہاوس اسلام آباد میں منعقد ہوا-اجلاس میں رکن مجلس عاملہ وفاق المدارس مولانا ڈاکٹر عادل خان جامعہ فاروقیہ کراچی,ناظم پنجاب مولانا قاضی عبدالرشید,ناظم صوبہ خیبر پختونخواہ مولانا حسین احمد,ناظم کشمیر مولانا سعید یوسف,مولانا زاہد الراشدی رکن مجلس عاملہ,مولانا ظہور احمد علوی,مولانا نذیر احمد فاروقی,مولانا مفتی اویس عزیز اور مولانا عبدالقدوس محمدی نے شرکت کی-اجلاس کے آخر میں جاری کیے گئے اعلامیہ میں کہا گیا کہ یہ اجلاس ملک بھر کے دینی مدارس میں وفاق المدارس کی ہدایات کے مطابق داخلوں کے آغازپر اطمینان کا اظہار کرتا ہےاور تمام دینی مدارس کے منتظمین,اساتذہ اور طلبہ کو پیغام دیتا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر کی مکمل پابندی کرتے ہوئے سارے تعلیمی مراحل کو منظم کریں اور آگے بڑھائیں-ایس او پیز کے سلسلہ میں ممتاز علماء کرام اور ڈاکٹر صاحبان کی مشاورت سے جو خاکہ بنایا گیا یہ اجلاس اس کو اصولی طور پر مناسب خیال کرتا ہے اور اس کی پابندی کو ضروری سمجھتا ہے-اجلاس کے اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ یہ اجلاس تجویز کرتا ہے کہ شوال کے دوسرے عشرے یعنی جون کے دوسرے ہفتے میں حفظ قرآن کریم کے سلسلے کا مرحلہ وار آغاز کر دیا جائے اور ذی قعدہ کے پہلے عشرے میں یعنی جون کے آخر یا جولائ کے آغاز میں شعبہ کتب کی تعلیم کا آغاز کر دیا جائے-اجلاس کے دوران سالانہ امتحانات کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا جن کا حتمی فیصلہ اور اعلان وفاق المدارس کی مجلس عاملہ اور امتحانی کمیٹی آئندہ چند دنوں میں کر دے گی-اجلاس کے دوران سیدنا عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ اور ان کی اہلیہ کے مزار کی بے حرمتی پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ اس پر سرکاری اور حکومتی سطح پر آواز اٹھائ جائے-وفاق المدارس کے رہنماوں نے جمعہ 5 جون کو یوم عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ علیہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا اور کہا کہ ملک بھر کی مساجد کے ائمہ و خطباء سیدنا عمر بن عبدالعزیز کے کردار و خدمات پر روشنی ڈالیں گے اور قبور کی بے حرمتی کے واقعات کی پرزور مذمت کی جائے گی-اجلاس کے دوران دارالعلوم دیوبند کے شیخ الحدیث مولانا مفتی سعید احمد پالنپوری,مفکر اسلام علامہ ڈاکٹر خالد محمود,مولانا عبیدالرحمن ضیاء,مولانا ڈاکٹر احمد خان,مولانا سعید الرحمن تنویر اور دیگر مسافران آخرت کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے