اسلام آباد:  وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے مودی حکومت خطے اور ہمسائیوں کیلئے خطرہ بن چکی، بھارت شہریت ایکٹ سے بنگلا دیش، سرحدی تنازعات سے چین اور نیپال سے الجھ رہا ہے، پاکستان کو جعلی فلیگ آپریشن کے خطرات بھی ہیں۔

سرحدی تنازع پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہندوتوا کے نظریے پر کاربند مودی حکومت خطے اور ہمسائیوں کیلئے خطرہ بن چکی ہے، نازی ازم کی طرز پر بھارت توسیع پسندانہ پالیسیوں پر کاربند ہے۔ انہوں نے کہا بھارت شہریت ایکٹ سے بنگلہ دیش، سرحدی تنازعات سے چین اور نیپال سے الجھ رہا ہے، پاکستان کو بھارت سے جعلی فلیگ آپریشن کے خطرات بھی لاحق ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا بھارت آزاد کشمیر کے علاقے کا جھوٹا دعویدار بن رہا ہے، اس نے مقبوضہ کشمیر کا غیر قانونی طور پر الحاق کیا اور چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا۔ انہوں نے کہا فاشسٹ مودی حکومت بھارتی اقلیتوں کیلئے بھی خطرات کا باعث ہے، ہندوستان کے ان ہتھکنڈوں کی وجہ سے خطے کا امن خطرات سے دوچار ہے۔

خیال رہے مودی سرکار کے مذموم مقاصد حاصل کرنے کی ناکام کوشش کے دوران 250 بھارتی فوجی چینی حدود میں داخل ہوئے۔ ٹریس پاسنگ کے بعد بھارتی اور چینی فوجی آپس میں گتھم گتھا ہوئے، لوہے کے راڈز اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال ہوا، فریقین کے 100 سے زائد اہلکار زخمی ہوئے، بہادر چینی افواج نے بھارتی کارروائی پسپا کرتے ہوئے لداخ کے متنازعہ علاقے کا کنٹرول حاصل کر لیا۔

5 مئی کو ٹریس پاسنگ واقعے کے بعد چین نے جذبہ خیرسگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی فوج کے حراست میں لئے گئے دستے کو رہا بھی کر دیا تھا۔ چین نے سرحد پر مزید 5 ہزار فوجی تعینات کر دئیے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے